احتیاطی تدابیر کے ساتھ کرسمس کی تیاریاں
دنیا بھر میں مسیحی مذہبی تہوار کرسمس کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں۔
کہیں لوگ کرسمس ٹری خرید کر گھر لے جا رہے ہیں تو کہیں سجاوٹ کا کام جاری ہے۔ البتہ اس دوران کرونا وائرس کے حوالے سے جاری احتیاطی تدابیر کا بھی خیال رکھا جا رہا ہے۔
امریکہ کے شہر نیویارک میں بھی کرسمس کی تیاریاں جاری ہیں۔ لوگ کرسمس ٹری خرید کر گھر لے جا رہے ہیں اور اس کی سجاوٹ کر رہے ہیں۔
امریکہ میں ایک میں ہفتے میں ریکارڈ یومیہ اوسط اموات
امریکہ میں گزشتہ ہفتے ریکارڈ یومیہ اوسط اموات ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ میں گزشتہ ہفتے یومیہ اوسطاََ 2249 افراد کرونا وائرس کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔
یہ امریکہ میں کسی بھی ہفتے میں یومیہ اموات کی بلند ترین شرح ہے۔ قبل ازیں رواں برس اپریل کے دوسرے ہفتے میں یومیہ 2232 اموات کی شرح ریکارڈ کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ہفتے کے اعداد و شمار کا اوسط زیادہ بہتر انداز میں وبا کے پھیلنے کی نشان دہی کرتا ہے۔
امریکہ میں حالیہ ہفتوں میں کرونا وبا ایک بار پھر تیزی سے پھیلنے لگی ہے اور لوگوں کے متاثر ہونے کی تعداد اور اموات میں اضافہ ہوا ہے۔
بھارت میں کرونا وائرس کا شکار خاتون کی انوکھی شادی
بھارت میں ایک خاتون کی شادی سے کچھ گھنٹے قبل ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا لیکن انہوں نے شادی ملتوی نہ کی بلکہ قرنطینہ مرکز میں ہی شادی کی تقریب منعقد کر لی۔ دُلہے اور دلہن نے عروسی ملبوسات کے بجائے حفاظتی لباس زیبِ تن کیے۔ شادی کے بعد نو بیاہتا جوڑا آئسولیشن میں ہے۔
برطانیہ: کرونا ویکسین کے استعمال کا آغاز، طبی عملہ اور بزرگ پہلی ترجیح
برطانیہ میں شہریوں کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل منگل سے شروع کر دیا گیا ہے جب کہ حکام نے اس دن کو 'وکٹری ڈے' قرار دیا ہے۔
منگل کی صبح 90 سالہ معمر خاتون مارگریٹ کینن کو سب سے پہلے کرونا ویکسین لگائی گئی جب کہ صبح سویرے پرُخطر ماحول میں خدمات جاری رکھنے والے ہیلتھ ورکرز اور سماجی خدمت کے شعبے سے وابستہ اسٹاف کے 80 سے زیادہ افراد ویکسین لگوانے کے لیے قطار میں کھڑے نظر آئے۔
منگل کو پہلی خوراک لینے والوں کو دوسری خوارک 21 دن بعد دینا ضروری ہے۔
برطانیہ، گزشتہ ہفتے دنیا کا پہلا ملک بن گیا تھا جب اس نے 'فائزر اور بائیو این ٹیک' کی تیار کردہ ویکسین کی منظوری دی تھی۔
برطانیہ میں سب سے پہلے جو لوگ ویکسین لگوا رہے ہیں ان میں نیشنل ہیلتھ سروس، نرسنگ ہومز میں موجود معمر افراد اور ان کی دیکھ بھال کرنے والا عملہ شامل ہے۔