کرونا بحران میں سائیکل چلانے والے امریکی بچے
کرونا وائرس نے بہت سے لوگوں کو گھروں تک محدود کیا ہے۔ امریکہ میں وبا کا زور دیگر ملکوں کی نسبت زیادہ ہے لیکن اس دوران لوگوں کی دلچسپی ورزش کے نئے طریقوں میں بڑھی ہے۔ ملیے کچھ ایسے ہی بچوں سے جنہوں نے اپنی بوریت اور گھر میں قید سے ہونے والی اکتاہٹ بھگانے کی ایک کوشش کی جو خاصی مقبول ہو گئی ہے۔
پاکستان میں ایک ہفتے میں 421 افراد ہلاک
پاکستان میں گزشتہ ایک ہفتے میں 421 افراد کرونا وائرس کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 71 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 8724 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں پانچ دسمبر سے 11 دسمبر کے دوران سات دن کے دوران 421 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان میں حالیہ ہفتوں میں کرونا وبا پھیلنے میں تیزی آنے کے بعد ایک بار پھر اموات کی شرح بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔
امریکہ: ایف ڈی اے کے پینل نے کرونا ویکسین کی منظوری کی سفارش کر دی
امریکہ میں غذا اور ادویات کے نگراں ادارے (ایف ڈی اے) کے ایک خصوصی پینل نے طویل مشاورت کے بعد کرونا وائرس کے انسداد کے لیے تیار کردہ ویکسین کے ہنگامی بنیاد پر استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ تاہم حتمی منظوری ایک سے دو روز میں ملنے کا امکان ہے۔
جمعرات کو لگ بھگ نو گھنٹوں تک پینل نے امریکی دوا ساز کمپنی 'فائزر' اور جرمن کمپنی 'بائیو اینڈ ٹیک' کی کرونا ویکسین کے استعمال اور اس کے اثرات پر مشاورت کی۔
ایف ڈی اے کے 22 رکنی پینل نے ان سوالات پر غور کیا کہ آیا ویکسین سے متعلق تمام سائنسی شواہد موجود ہیں؟ اس کے استعمال کے کیا فوائد اور کیا خطرات ہو سکتے ہیں۔
سنوفی اور جی ایس کے کی ویکسین تیار نہ ہو سکی
فرانس کی دوا ساز کمپنی سنوفی اور برطانوی کمپنی جی ایس کے کی کرونا ویکسین روانہ برس آنے کی کوئی توقع نہیں ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق مذکورہ دونوں کمپنیوں کا کہنا ہے کہ اُن کی تیار کردہ کرونا ویکسین آئندہ برس کے اختتام تک تیار نہیں ہو سکے گی۔