جاپان: چار پریفیکچر کے گورنرز کا ہنگامی حالات کے نفاذ کا مطالبہ
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو اور اس کے قریبی تین پریفیکچرز کے گورنرز نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایمر جنسی نافذ کرے۔
ٹوکیو کے گورنر یوریکو کوائیک نے دیگر تین گورنرز کے ہمراہ کرونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق اقدامات کرنے والے وزیر سے ملاقات میں یہ مطالبہ کیا کہ وہ لوگوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے ایمر جنسی نافذ کریں۔
جاپان میں حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور نیو ایئر پر ٹوکیو میں 1337 کیسز رپورٹ ہوئے۔
جاپان میں کرونا وائرس کی وجہ سے رواں سال جولائی میں منعقد ہونے والی اولمپکس سے متعلق خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جس میں 11 ہزار اتھیلیٹس شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ جاپان میں اس وبا کے سبب اب 3500 سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
کرونا بحران: عالمی معیشت کو نقصان مگر کچھ کاروبار چمک اٹھے
کرونا وائرس سے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی بے روزگاری میں اضافہ ہوا جب کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جن کا کاروبار متاثر ہونے کے بجائے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ تفیصلات بتا رہے ہیں پشاور سے نذر الاسلام
بھارت: آسٹرا زینیکا کی ویکسین منظور
امریکہ کے بعد کرونا وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں 'آسٹرا زینیکا' اور ‘آکسفرڈ یونیورسٹی’ کی تیار کردہ کرونا ویکسین کو منظوری دے دی گئی ہے۔
بھارت کے وزیر اطلاعات پراکاش جاویڈکر نے ہفتے کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ آسٹرا زینیکا ویکسین کو جمعے کو منظور کیا گیا۔
پراکاش جاویڈکر کا مزید کہنا تھا کہ کم از کم تین دیگر کرونا ویکسینز بھی منظوری کے مراحل میں ہیں۔ ان کے بقول بھارت دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں چار کرونا ویکسینز تیار ہو رہی ہیں۔
خیال رہے کہ آسٹرا زینیکا ویکسین، سیرم انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے مقامی طور پر بنائی جا رہی ہے۔
آسٹرا زینیکا ویکسین کی دو خوراکیں 28 دنوں کے وقفے سے لگائی جائیں گی۔
کرونا وائرس نے پاکستانی معیشت پر کیا اثرات چھوڑے؟
پاکستان کی معیشت کی حالت پہلے ہی خستہ تھی لیکن کرونا بحران میں اس کا حجم مزید کم ہو گیا ہے۔ ماہر اقتصادیات اور جنرل پرویز مشرف کی حکومت میں وفاقی مشیر رہنے والے ڈاکٹر اشفاق حسن بتا رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت اب کہاں کھڑی ہے اور آنے والے وقت میں کیا امکانات ہیں؟