دنیا بھر میں دوسری بار ایک دن میں 17 ہزار سے زائد مجموعی اموات
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے دوسری بار ایک دن میں 17 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں دنیا بھر میں وبا سے مجموعی طور پر 17 ہزار 66 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد عالمی سطح پر وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 لاکھ 59 ہزار 566 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں وبا سے سب سے زیادہ 17 ہزار 330 اموات 12 جنوری 2021 کو ہوئی تھیں۔ جس کے بعد ایسا دوسری بار ہوا ہے کہ عالمی سطح پر ایک دن میں 17 ہزار سے زائد افراد وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
چین: شادی بیاہ، تدفین اور دیگر اجتماعات پر سخت پابندی
چین کے صوبے ہیبی میں کرونا کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کے پیشِ نظر شادی بیاہ، تدفین اور دیگر خاندانی اجتماعات پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 54 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ دارالحکومت بیجنگ میں دو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
حالیہ چند ہفتوں کے دوران ہیبی میں کرونا کیسز تیزی سے پھیلا ہے اور فروری میں نئے قمری سال کے موقع پر عام تعطیلات کے دوران وبا کے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے۔
حکام نے شہریوں سے تعطیلات کے دوران دوسرے علاقوں میں سفر نہ کرنے کی اپیل کی ہے جب اسکولوں کو بھی چھٹیوں سے ایک ہفتے قبل بھی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ہیبی کے حکام نے شہریوں کے بڑے پیمانے پر کرونا ٹیسٹ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ نئی پابندیاں مرض کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لگائی گئی ہیں۔
برازیل: کرونا ویکسینز کے ہنگامی استعمال کی اجازت
برازیل کے ہیلتھ ریگولیٹری کے ادارے نے کرونا وائرس کی دو ویکسینز کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
برازیل کے وزیرِ صحت ایڈرڈو پزیلیو نے اعلان کیا ہے کہ حکومت تمام 27 ریاستوں میں ویکسین تقسیم کرے گی اور قومی سطح پر ٹیکے لگانے کی مہم بدھ سے شروع ہو گی۔
برازیل نے کرونا وائرس کی جس ویکسین کی منظوری دی ہے اسے چین کی کمپنی سائنوویک نے تیار کیا ہے جب کہ دوسری ویکسین ایسٹرا زینیکا اور بھارتی ادارے سیرم انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔
برازیل کی وزارتِ صحت کی ترجیحی فہرست کے مطابق شہریوں کو دونوں ویکسینز کی دو دو خوراکیں لگائی جائیں گی۔
نویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ کے لیے تدریسی عمل بحال
پاکستان میں نویں سے 12ویں جماعت تک کے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں جہاں پیر سے ایک مرتبہ پھر تعلیمی سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
کرونا وبا اور سردیوں کی چھٹیوں کے باعث کم و بیش دو ماہ تک پاکستان کے تعلیمی ادارے بند رہے اور اب اُنہیں مرحلہ وار کھولا جا رہا ہے۔
حکومتی اعلان کے مطابق پہلے مرحلے میں نویں سے بارہویں جماعت کے لیے تدریسی عمل بحال کیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں پہلی سے آٹھویں جماعت اور جامعات میں یکم فروری سے تدریسی عمل شروع ہو گا۔
تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے کرونا ایس او پیز پر عمل کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔