بھارت میں ویکسین بنانے والے پلانٹ کی عمارت میں آتش زدگی
بھارت میں کرونا وائرس کے انسداد کی ویکسین بنانے کے لیے مختص عمارت میں آتش زدگی سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق بھارت کے شہر پونے میں سرم انسٹیٹیوٹ کے پلانٹ میں آگ لگنے سے لوگوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ البتہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس آتش زدگی سے ویکسین بنانے کا عمل متاثر نہیں ہوگا۔
پونے کے میئر مرلی دھر موہول نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ آتش زدگی سے پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
واضح رہے کہ سرم انسٹیٹیوٹ اسٹرازینیکا کی تیار کر ویکسین کی لاکھوں ڈوزز مقامی طور پر تیار کرنے میں مصروف ہے۔
پاکستان میں وبا سے مزید 54 اموات، 23 سو افراد متاثر
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 54 اموات جب کہ 2363 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2363 افراد کے متاثر ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 27 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ جن میں سے 4 لاکھ 80 ہزار 696 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 54 افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 157 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے 75 لاکھ 25 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
چین کا پاکستان کو 10 دن میں پانچ لاکھ ویکسین فراہمی کا وعدہ
پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چین نے پاکستان کو بطور تحفہ پانچ لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک مہیا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ جب کہ پاکستان کی ضرورت کے مطابق 11 لاکھ ڈوزز فروری کے آخر تک مہیا کر دی جائیں گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ویکسین کی پہلی کھیپ چین جذبہ خیر سگالی کے تحت، تحفتاً بھیج رہا ہے۔
ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے 'سائنو فارم' ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے شاہ محمود نے کہا کہ چین کے وزیرِ خارجہ نے فروری کے آخر تک 11 لاکھ ڈوزز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ چین کو چینی ویکسین 'کین سائنو' ویکسین کے ٹرائلز کی کامیابی سے آگاہ کیا ہے۔ اس کے ٹرائلز کی تکمیل کے بعد چین کے تعاون سے پاکستان میں یہ ویکسین تیار کرنے کا ارادہ ہے جس پر چین کے وزیرِ خارجہ نے آمادگی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں برطانیہ کی میں تیار کردہ ایسٹرازینیکا کی ویکسین اور چین میں تیار کردہ سائنو فارم کی ویکسین کی منظوری دی ہے۔
پاکستان نے سائنو فارم ویکسین کی 12 لاکھ ڈوزز کا آرڈر بھی دے دیا ہے۔ جب کہ نجی شعبے میں درآمد کنندگان کی بھی کئی غیر ملکی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔
پاکستان میں چین کی ویکسین 'کین سائنو' کے ٹرائلز ہوئے تھے جس میں 16 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ پاکستان اور چین کے ماہرین کے مطابق اب تک کے نتائج خاصے حوصلہ افزا سامنے ہیں۔
امریکہ میں ایک بار پھر ایک دن میں چار ہزار سے زائد اموات
امریکہ میں ایک بار پھر کرونا وائرس سے ایک دن میں چار ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 4377 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد چار لاکھ چھ ہزار 196 ہو گئی ہے۔
قبل ازیں امریکہ میں 12 جنوری کو 24 گھنٹوں کے دوران 4462 اموات ہوئی تھیں جو کہ ایک دن میں کسی امریکہ میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے اموات جنگِ عظیم دوم میں ہلاک ہونے والے امریکیوں کی تعداد سے بڑھ چکی ہے۔