امریکہ: جنوبی افریقہ سمیت متعدد ممالک پر سفری پابندیاں بحال کرنے کا فیصلہ
امریکہ کے صدر جو بائیڈن پیر سے برازیل، آئرلینڈ، برطانیہ اور دیگر 26 یورپی ملکوں سے آنے والے غیر ملکی شہریوں پر کرونا وائرس کی سفری پابندی باضابطہ طور پر بحال کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے حکام نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر اتوار کو بتایا ہے کہ جن ممالک پر کرونا کے سبب امریکہ کے لیے سفری پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں ان میں جنوبی افریقہ کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔
بائیڈن انتظامیہ کے اس اقدام کی وجہ کرونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کا طرہ بتائی جاتی ہے جو جنوبی افریقہ کے اندر اور باہر پھیل چکی ہے۔
بائیڈن سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور کے آخری دنوں کے اس حکم نامے کو منسوخ کر رہے ہیں جو آئندہ منگل تک سفری پابندیوں میں نرمی کا متقاضی ہے۔
ٹرمپ کے حکم نامے کی منسوخی اچھنبھے کی بات نہیں۔ البتہ جنوبی افریقہ کا اس فہرست میں شامل کیا جانا ظاہر کرتا ہے کہ نئی انتظامیہ کرونا وائرس کی بدلتی ہوئی شکلوں کے بارے میں کس قدر تشویش رکھتی ہے۔
پاکستان میں مزید 23 اموات، 1600 سے زائد نئے کیسز
چین میں کرونا وائرس کے 124 نئے کیسز
چین میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور کچھ ایسے مریض بھی سامنے آئے ہیں جن میں کرونا وائرس کی کوئی علامات نہیں تھیں۔
چین کے قومی صحت کمیشن کے مطابق اتوار کو ملک میں 124 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ اس سے ایک روز قبل 80 کیسز سامنے آئے تھے۔
چین کے صوبے جیلن میں 67 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبۂ ہیلوژیان میں 35 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ہیبی میں 11 مریض سامنے آئے ہیں۔
نیوزی لینڈ: خاتون کرونا وائرس کا شکار کیسے ہوئیں؟ تحقیقات ہوں گی
نیوزی لینڈ میں تقریباً دو ماہ بعد اتوار کو کرونا وائرس کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ حکام کے مطابق کرونا وائرس سے متاثر ہونے والی خاتون کی عمر 56 برس ہے اور انہوں نے حال ہی میں بیرونِ ملک سفر کیا تھا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس سے متعلق وزیر کرس ہپکنز نے کہا ہے کہ متاثرہ خاتون 30 دسمبر کو نیوزی لینڈ پہنچی تھیں اور ان میں کرونا وائرس کی اس نئی قسم کی تصدیق ہوئی ہے جس کے کیسز ساؤتھ افریقہ میں سامنے آئے ہیں۔
کرس ہپکنز کے مطابق خاتون نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد دو ہفتے قرنطینہ میں بھی رہیں اور اس دوران ان کے دو ٹیسٹس ہوئے اور دونوں ہی منفی آئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کے علاوہ اور کسی شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔
حکام کے مطابق خاتون کو وائرس لگنے کی ممکنہ وجہ قرنطینہ میں رہنے والا کوئی ایسا فرد ہو سکتا ہے جو حال ہی میں بیرونِ ملک سے لوٹا ہو۔ نیوزی لینڈ کے وزیرِ 'کرونا وائرس ریسپانس' نے کہا ہے کہ وہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس خاتون تک وائرس کیسے پہنچا۔
خیال رہے کہ 50 لاکھ آبادی والے ملک نیوزی لینڈ میں اب تک کرونا وائرس کے صرف 1927 کیسز سامنے آئے ہیں۔