پاکستان میں طبی عملے کو کرونا ویکسین لگانے کی تیاری، خصوصی مراکز قائم
پاکستان میں اِن دِنوں کرونا وائرس کی ویکسین کی دستیابی اور طریقہ کار کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ویکسین لگانے کے لیے حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔
بدھ کی شب این سی او سی کے اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ پاکستان بھر میں ویکسی نیشن کے لیے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جہاں پر ویکیسن لگانے کے لیے تعینات طبی عملے کی تربیت کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ویکسین لگانے کی حکمتِ عملی تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد مرتب کی گئی ہے جس میں عالمی معیار اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات اسد عمر نے آگاہ کیا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے خلاف ویکسین کا آغاز اگلے ہفتے سے کر دیا جائے گا۔ جس کے لیے تمام منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے سے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کرونا وائرس کی ویکسی نیشن لگائی جائے گی۔
کرونا پر قابو پانے والے 100 ملکوں میں نیوزی لینڈ سرِ فہرست، امریکہ اور برطانیہ نچلے نمبروں پر
کرونا وائرس سے کامیابی سے نمٹنے والے 100 ملکوں کی فہرست میں نیوزی لینڈ، ویتنام اور تائیوان سب سے آگے ہیں جب کہ امریکہ اور برطانیہ آخری نمبروں پر ہیں۔
آسٹریلین تھنک ٹینک 'لووی انسٹی ٹیوٹ' نے ایسے 100 ملکوں کی فہرست مرتب کی ہے جو کامیابی سے عالمی وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ اس فہرست میں ریسرچرز نے ہر ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز، دس لاکھ میں کیسز کی شرح، مصدقہ اموات، ہر دس لاکھ افراد میں اموات کی شراح اور کرونا ٹیسٹ کی شرح کی بنیاد پر یہ ڈاٹا ترتیب دیا ہے۔
جمعرات کو شائع ہونے والی اس فہرست میں لووی انسٹی ٹیوٹ نے ڈیٹا دستیاب نہ ہونے کی بنا پر چین کو شامل نہیں کیا جہاں کرونا وائرس کا پہلا کیس دسمبر 2019 میں سامنے آیا تھا۔
کرونا وائرس سے لڑتے ہوئے جن ملکوں کی کارکردگی بہتر رہی ان میں نیوزی لینڈ سرِ فہرست ہے جب کہ دوسرا نمبر ویتنام کا ہے لیکن جمعرات کو ہی ویتنام میں 55 روز بعد مقامی سطح پر کرونا کا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
امریکہ کرونا ویکسین کی مزید 20 کروڑ خوراکیں خریدے گا: صدر بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کرونا وبا سے بچاؤ کی مزید 20 کروڑ خوراکیں خریدے گا تاکہ موسمِ خزاں سے قبل ملک کی 30 کروڑ آبادی کی ویکسی نیشن کا عمل مکمل ہو سکے۔
امریکہ نے 'فائزر' اور 'موڈرنا' ویکسینز کی 10، 10 کروڑ خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے جن کی ترسیل کا عمل موسمِ گرما کے اختتام یا خزاں کے آغاز میں مکمل ہو جائے گا۔
منگل کو نیوز کانفرنس کے دوران بائیڈن کا کہنا تھا کہ اس وبا کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ ویکسین کے نئے آرڈر کے بعد امریکہ مجموعی طور پر وائرس سے بچاؤ کی 60 کروڑ خوراکیں حاصل کر لے گا۔
بائیڈن کے بقول "یہ خوراکیں ابھی امریکہ کے پاس نہیں پہنچیں، لیکن ہم اُمید کرتے ہیں کہ موسمِ گرما کے دوران یہ موصول ہو جائیں گی۔"
بائیڈن انتظامیہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ دستیاب خوراکوں کی ریاستوں میں ترسیل میں تیزی لائیں گے تاکہ آئندہ تین ہفتوں کے دوران ویکسی نیشن میں اضافہ ہو سکے۔
دنیا بھر میں کرونا کے مصدقہ کیس 10 کروڑ سے متجاوز
پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والے عالمگیر وبا کرونا سے متاثر ہونے والے مصدقہ کیسز کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ دنیا کے کئی ممالک میں اب بھی وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق دنیا کی 1.3 فی صد آبادی کے مصدقہ طور پر اس وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ وائرس کی نئی اقسام اس کے تیزی سے پھیلاؤ کا موجب بن رہی ہیں۔
نئے سال کے آغاز پر ہر 7.7 سیکنڈ کے بعد دنیا میں ایک شخص اس مہلک وائرس سے متاثر ہوا ہے جس کے بعد اس ماہ ہر روز اوسطً چھ لاکھ 68 ہزار سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہوتے رہے ہیں۔
دنیا بھر میں وبا سے مرنے والوں کی شرح 2.15 فی صد رہی ہے۔
امریکہ، بھارت، برازیل، برطانیہ، روس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں ہیں۔