پاکستان میں وبا سے ایک ہفتے میں 378 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ ایک ہفتے میں 378 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 65 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 11 ہزار 623 ہو گئی ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے میں سب سے زیادہ 26 جنوری کو 74 افراد اموات ہوئی۔ جب کہ 23 جنوری کو 48، 24 جنوری کو 23، 25 جنوری کو 58، 26 جنوری کو 74، 27 جنوری کو 64، 28 جنوری کو 46 اور گزشتہ روز 65 افراد وبا کے باعث ہلاک ہوئے۔
کرونا جنگ میں تارکینِ وطن کا اہم کردار، مثبت تاثر میں اضافہ
ترکی سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان سائنس دان جوڑے نے جب گزشتہ سال کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین دریافت کی۔ تو امریکی ذرائع ابلاغ نے ان کی کامیابی کو سرخیوں کے ساتھ نمایاں کیا۔
فائزر اور بائیو این ٹیک کے لیے انتہائی مؤثر ویکسین بنانے والے اوگر ساہین اور ان کی اہلیہ اوزلم ان لاکھوں تارکین وطن میں سے صرف دو افراد ہیں جو کرونا وائرس کے خلاف امریکہ کی جنگ میں اہم ترین شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ایسے کارکنان کی اکثریت غیر معروف ہے لیکن دنیا کے مختلف ممالک سے آ کر بسنے والے یہ کارکنان عالمی وبا کے دوران امریکی زندگی کو رواں دواں رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
حالیہ تحقیق کے مطابق بعض سیاسی حلقوں میں تارکین وطن کے خلاف بیان بازی کے باوجود امریکی عوام کی اکثریت کرونا بحران میں ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
رومانیہ میں کرونا اسپتال میں آتش زدگی، چار افراد ہلاک
رومانیہ کے دارالحکومت بوکارسٹ میں کرونا وائرس کے لیے مختص اسپتال میں آتش زدگی سے چار افراد ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گزشتہ تین ماہ میں یورپ کے کسی بھی اسپتال میں آتش زدگی کا یہ دوسرا ہلاکت خیز واقعہ ہے۔
حکام کے مطابق اسپتال میں آتش زدگی کے بعد 102 مریضوں کو محفوظ مقامات پر بھی منتقل کیا گیا۔
مٹائی بالز اسپتال میں ایک عمارت آگ کے لپیٹ میں آئی جس کے چار کمرے زیادہ متاثر ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
یہ اسپتال ملک میں وبا سے متاثرہ افراد کے علاج لیے مختص بڑے اسپتالوں میں سے ایک ہے۔
اسپتال میں زیرِ علاج 44 افراد کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ جب کہ باقی کو اسپتال کے مختلف وارڈز اور کمروں میں رکھا گیا ہے۔
پاکستان میں وبا سے مزید 46 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 46 افراد ہلاک ہو گئے۔
سرکاری اعداد و شمارکے مطابق پاکستان میں وبا سے مزید 46 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 11 ہزار 560 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 4 روز سے اموات کی شرح بلند رہی ہے۔ قبل ازیں وبا کی دوسری لہر میں ہلاکتوں کی تعداد میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی۔
گزشتہ برس نومبر کے آغاز سے وبا کی دوسری لہر میں اموات کی شرح بڑھنا شروع ہوئی تھی جب کہ دسمبر کے اختتام تک یہ بلند سطح پر رہی۔