امریکہ میں ایک اور ویکسین کو منظوری ملنے کا امکان
امریکہ کے ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے ماہرین نے ‘جانسن اینڈ جانسن’ کی تیار کردہ کرونا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال سے متعلق جمعے کو ووٹ دیا ہے۔
ڈاکٹرز، وبائی امراض کے ماہرین اور طبی محققین پر مشتمل پینل نے 18 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسین کی افادیت سے متعلق متفقہ طور پر ووٹ دیا۔
ایف ڈی اے ممکنہ طور پر چند دن میں ویکسین کی امریکہ میں استعمال کی اجازت دے گی جس کی دوسری کرونا ویکسینز کے بر عکس صرف ایک خوراک درکار ہو گی۔
جانسن اینڈ جانسن کا کہنا ہے کہ اگر اسے ویکسین کے ایمر جنسی استعمال کی اجازت مل جاتی ہے تو وہ فوری طور پر ویکسین فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے 30 سے 40 لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کے قابل ہو گی۔
دوسری طرف وائٹ ہاؤس کے مشیر اینڈی سلیوٹ کا کہنا ہے کہ ایف ڈی اے ہفتے کو ویکسین کی منظوری کا فیصلہ کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا کی تیسری ویکسین سے متعلق پیش رفت ایک اچھی خبر ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ میں ایسٹرا زینیکا، موڈرنا اور فائزر کی ویکسین کو منظوری مل چکی ہے۔
آسٹریلیا کی کئی ریاستوں میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع
آسٹریلیا میں کرونا وبا سے متاثر ہونے والے معمولات زندگی اب معمول کی جانب لوٹ رہے ہیں اور ریاست نیو ساؤتھ ویلز سمیت جنوبی ریاستوں میں ہفتے سے مختلف پابندیاں ختم کی جا رہی ہیں۔
ریاست وکٹوریا میں کھیلوں کی تقریبات میں بڑی تعداد میں تماشائیوں کو گراؤنڈز میں آنے کی اجازت ہو گی۔
آسٹریلیا کی تین ریاستوں جہاں کل آبادی کی دو تہائی آبادی مقیم ہے۔ ان ریاستوں سے ہفتے کو کرونا وائرس کی مقامی منتقلی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں کیا گیا۔
سب سے گنجان آباد ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں مسلسل 41 ویں روز کرونا وائرس کا کوئی مقامی کیس سامنے نہیں آیا۔
ساؤتھ ویلز میں شادیوں میں 30 افراد کو ڈانس کرنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ گھروں میں آنے والے مہمانوں پر عائد پابندی میں بھی نرمی کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ ریاست کے کلبوں میں جمعے سے ڈانس کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 33 افراد ہلاک
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید 33 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے مزید ہلاکتوں کے بعد مجموعی اموات 12 ہزار 837 ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں اب بھی 21 ہزار 554 افراد زیرِ علاج ہیں جن میں سے 1538 انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
حکام کے مطابق وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1315 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
ملک بھر میں وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے 89 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کو ایک سال مکمل: طبی عملے پر کیا گزری؟
پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آئے ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔ ملک میں کرونا کا پہلا مریض 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا۔ اس وبا کی وجہ سے گزشتہ ایک برس پاکستان کے فرنٹ لائن ورکرز یعنی ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے بہت اعصاب شکن ثابت ہوا۔ سدرہ ڈار ملا رہی ہیں ایک ایسی نرس سے جو شروع سے اب تک کووِڈ وارڈ میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے اس ایک برس میں کیا دیکھا اور محسوس کیا؟ جانیے انہی کی زبانی۔