پاکستان میں کرونا کے مزید تین ہزار 667 کیس رپورٹ، 44 ہلاکتیں
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں تین ہزار 667 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ روز 41 ہزار 960 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے تین ہزار 667 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ یوں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 8.7 فی صد رہی۔
اس طرح پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد چھ لاکھ 26 ہزار 802 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں ویکسی نیشن مہم ایک روز کے لیے اتوار کو معطل کی گئی ہے تاکہ ویکسی نیشن سینٹرز کو جراثیم کش اسپرے سے صاف کیا جا سکے۔
بھارت میں چار ماہ بعد کرونا کے ریکارڈ 43 ہزار 846 کیس
بھارت میں تقریباً چار ماہ بعد کرونا وائرس کے ریکارڈ 43 ہزار 846 یومیہ کیس سامنے آئے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پنجاب، مہاراشٹر، مدھیا پردیش اور تمل ناڈو جیسی ریاستوں میں کیسز کے تیزی سے بڑھنے کے باعث ان ریاستوں کے کئی اضلاع میں لاک ڈاؤن، تعلیمی اداروں کی بندش اور اجتماعات پر پابندیاں لگانے پر غور ہو رہا ہے۔
بھارت میں اتوار کو سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق 197 افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک بھی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ریاست مہاراشٹر، پنجاب، کیرالہ، کرناٹک اور گجرات میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ صرف مہاراشٹر میں 27 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں اب تک ایک کروڑ 16 لاکھ کے لگ بھگ کیس جب کہ ایک لاکھ 59 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
برطانیہ میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے اور جھڑپیں
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہفتے کو کرونا وبا کے پیشِ نظر نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین نے پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وسطی لندن میں مظاہرہ کیا جس پر پولیس نے 33 افراد کو گرفتار کر لیا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق مظاہرے میں لگ بھگ 10 ہزار لوگ شریک تھے جو "ہمارے بچوں کی زندگی تباہ نہ کرو" اور "فیک وبا" کے نعرے لگا رہے تھے۔
برطانیہ میں وبا کے سبب عائد کردہ پابندیوں کے دوران لوگوں کے اجتماع پر پابندی عائد ہے۔ تاہم رواں ہفتے ان پابندیوں کی مخالفت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 60 سے زاائد برطانوی قانون سازوں نے وزیرِ داخلہ پریتی پٹیل کو جمعے کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران مظاہروں کی اجازت دی جائے اور مظاہروں میں حصہ لینا جرم نہیں ہونا چاہیے۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں اب تک کرونا وبا کے 43 لاکھ چار ہزار 839 کیس جب کہ اس مہلک وائرس سے اب تک ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
برطانوی وزیرِ اعظم کی ویکسی نیشن
دوسری جانب برطانوی وزیرِ اعظم بوریس جانسن نے جمعے کو ایسٹرازینیکا ویکسین کی پہلی خوراک لی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی ویکسین لگوائیں۔
ان کے بقول انہوں نے ویکسین لینے کے بعد کچھ بھی فرق محسوس نہیں کیا۔
برطانیہ کے وزیرِ اعظم 56 سالہ بوریس جانسن نے ویکسین اسی اسپتال سے لی جہاں ایک سال قبل وائرس متاثر ہونے کے بعد شدید بیمار ہونے کے سبب انہیں آئی سی یو میں رہنا پڑا۔ اس وقت انہیں ناک میں ٹیوب ڈال کر آکسیجن فراہم کی گئی تھی۔
انہوں نے بعد میں یہ انکشاف کیا تھا کہ وہ اس قدر بیمار تھے کہ اس بارے میں منصوبہ بندی کی جانے لگی تھی کہ ان کی موت کے بارے میں کس طرح اعلان کیا جائے گا۔
لندن کے سینٹ تھامسن اسپتال میں ایسٹرازینیکا کی ویکسین لگوانے کے بعد انہں نے کہا کہ مجھے تو واقعی میں کچھ بھی محسوس نہیں ہوا۔ یہ عمل بہت اچھا اور بہت جلد مکمل ہو گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا عوام سے اصرار ہے کہ جب انہیں ویکسین کے لیے بلایا جائے تو ضرور جائیں اور اسے لگوائیں۔ ان کے مطابق یہ عوام کے لیے اور ان کے خاندانوں کے لیے بہترین ہے۔