امریکہ میں ویکسی نیشن مہم کے باوجود کیسز میں اضافہ
امریکہ میں عالمی وبا پر قابو پانے کے لیے جہاں ایک جانب ملک بھر میں کرونا ویکسی نیشن مہم جاری ہے وہیں یومیہ کیسز کی تعداد میں بھی کمی واقع نہیں ہو رہی۔
امریکہ میں متعدی امراض کے ماہر اور کرونا وبا پر وائٹ ہاؤس کی مشاورتی ٹیم کے رکن ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے ملک میں کرونا کے حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا ہے کہ بعض ریاستوں نے کرونا پابندیاں اٹھانے میں بہت جلد بازی کی ہے اور کرونا کیسز میں حالیہ اضافہ اسی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے 'سی بی ایس' نیوز سے بات کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ امریکہ میں کرونا وبا کی تیسری لہر کے خدشے کو دیکھ رہے ہیں۔
بھارت میں 68 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 68 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ اکتوبر کے بعد کسی بھی ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بھارتِ کی وزارتِ صحت کے مطابق ریاست مہاراشٹرا، کرناٹکا، پنجاب، مدھیا پردیش، گجرات، کیرالہ، تامل ناڈو اور چھتیس گڑھ وہ ریاستیں ہیں جہاں یومیہ ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 13 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 21 ہزار 808 ہے۔
عالمی وبا سے بھارت میں کل ایک لاکھ 61 ہزار 843 اموات بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔
برطانیہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوسرے مرحلے میں داخل
برطانیہ میں مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمیاں کی جا رہی ہیں اور پیر سے گھر سے باہر چھ افراد کے جمع ہونے کی اجازت ہو گی۔
آٹھ مارچ کو اسکول کھولنے کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوسرے مرحلے میں برطانوی حکومت کی جانب سے لوگوں کو ایک ساتھ جمع ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
پابندیوں میں نرمی کے بعد ٹینس، گالف، باسکٹ بال اور سوئمنگ کے آؤٹ ڈور مقابلے ہو سکیں گے۔
وزیرِ اعظم بورس جانسن نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پیر سے برطانیہ میں موسمِ گرما کے کھیلوں کا آغاز ہو گا اور لوگ اپنی ٹیموں کے ساتھ دوبارہ مل سکیں گے۔
تاہم انہوں نے خبردار بھی کیا ہے کہ یورپ میں بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے ہمیں بدستور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ سماجی دوری اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کریں۔
کیٹ میڈلٹن نے وبا کے دوران کھینچی گئی تصاویر پر مشتمل کتاب مرتب کر دی
برطانیہ کے شاہی خاندان کی بڑی بہو اور ڈچس آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن نے کرونا لاک ڈاؤن کے دوران کھینچی گئی تصاویر پر مبنی ایک کتاب لانچ کر دی ہے۔
اس کتاب کا عنوان 'ہولڈ اسٹل: اے پوٹریٹ آف آور نیشن ان 2020' ہے اور یہ سات مئی سے دستیاب ہو گی۔
ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے اس پروجیکٹ کا آغاز گزشتہ برس نیشنل پوٹریٹ گیلری کے تعاون سے کیا تھا۔
انہوں نے لوگوں کو دعوت دی تھی کہ وہ برطانیہ میں کرونا وائرس کے پہلے لاک ڈاؤن کے دوران کھینچی گئی تصاویر کو جمع کرائیں۔