ویکسین کی خریداری کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے ہیں: وزیرِ صحت سندھ
وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ وفاق نے ویکسین خریدنے کی اجازت دی ہے جس کے بعد 500 ملین روپے ویکسین کی خریداری کے لیے رکھے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ کراچی میں اس وقت 29 ویکسین سینٹرز موجود ہیں جہاں لوگوں کو مفت ویکسین دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں برطانیہ میں پائی جانے والی کرونا کی قسم کا کوئی کیسز موجود نہیں۔ البتہ اگر یہ کرونا کی برطانوی قسم سندھ آگئی تو بہت سے لوگ اس سے متاثر ہوں گے۔
حفیظ شیخ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، وزیرِ خزانہ حماد اظہر کا ٹوئٹ
امریکہ کی 15 فی صد آبادی کی ویکسی نیشن مکمل
تیس کروڑ سے زائد آبادی والے ملک امریکہ کی کل آبادی میں سے 14 کروڑ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے جن میں 15 فی صد افراد ویکسین کی دو خوراکیں حاصل کر چکے ہیں۔
امریکہ میں صحتِ عامہ کے نگراں ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں پندرہ اعشاریہ آٹھ فی صد آبادی (5 کروڑ 26 لاکھ 14 ہزار 231 افراد) کا کرونا ویکسی نیشن کورس مکمل ہو گیا ہے یعنی وہ دونوں خوراکیں لے چکے ہیں۔
سی ڈی سی کے مطابق جن افراد نے کرونا ویکسین کی ایک خوراک لی ہے ان کی کل تعداد نو کروڑ 50 لاکھ 15 ہزار 762 ہے جو کُل آبادی کا 28 اعشاریہ چھ فی صد بنتا ہے۔
مستقبل میں کرونا جیسی وبا سے نمٹنے کے لیے 23 ممالک کی عالمی معاہدے کی تجویز کی حمایت
عالمی ادارۂ صحت اور دنیا کے 23 ملکوں نے مستقبل میں کرونا وائرس جیسی وبا سے نمٹنے کے لیے ایک بین الاقوامی معاہدے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔
یہ تجویز گزشتہ برس نومبر میں دنیا کی 20 مضبوط ترین معیشتوں کے حامل ملکوں کے اجلاس (جی 20) میں یورپی یونین لیڈرز کے چیئرمین چارلس مائیکل نے پیش کی تھی۔
اس تجویز میں وبا کے دوران ویکسینز، ادویات اور دیگر اشیا کی مساوی فراہمی کو یقینی بنانے کی بات کی گئی تھی۔
منگل کو اس تجویز پر برطانیہ، فرانس، جرمنی، اسپین، انڈونیشیا، پرتگال، رومانیہ، روانڈا، فجی، کینیا، یونان، کوریہ، چلی، کوسٹا ریکا، البانیا، جنوبی افریقہ، ٹرینی ڈاڈ اور ٹوباگو، نیدرلینڈ، تیونس، سنیگال، ناروے، سربیا، یوکرین اور عالمی ادارۂ صحت نے باضابطہ طور پر حمایت کا اظہار کیا ہے۔