بھارتی شہریوں کے نیوزی لینڈ داخلے پر پابندی
نیوزی لینڈ نے بھارت سے آنے والے تمام مسافروں کے ملک میں داخلے پر دو ہفتوں کے لیے عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں کرونا کے 23 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 17 کیسز کا تعلق بھارت سے ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لگائی جانے والی اس پابندی کا اطلاق 11 اپریل سے 28 اپریل تک ہو گا جب کہ اس دوران نیوزی لینڈ کے وہ شہری جو کسی وجہ سے بھارت گئے تھے، وہ پابندی کے عرصے کے دوران وطن واپس نہیں آ سکیں گے۔
نیوزی لینڈ میں داخلے کی پابندی ان افراد کے لیے ہے جو گزشتہ 14 روز سے بھارت میں تھے۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسنڈا آرڈن نے آکلینڈ میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ "ہم بھارت سے آنے والے تمام تر مسافروں کی نیوزی لینڈ آمد پر عارضی پابندی عائد کر رہے ہیں۔"
بھارت میں ریکارڈ ایک لاکھ 26 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 26 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران کیسز کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت میں جہاں وبا پر قابو پانے کے لیے مختلف ریاستوں میں پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں وہیں یومیہ کیسز کی تعداد میں بھی حالیہ چند ہفتوں کے دوران تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
جعمرات کو تیسری مرتبہ بھارت میں ایک لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک لاکھ 26 ہزار 789 کیسز اور 685 ہلاکتیں ہوئی ہے۔
بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 29 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ عالمی وبا سے اب تک ایک لاکھ 66 ہزار 862 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارتی وزیرِ اعظم نے کرونا کی دوسری خوراک لگوا لی
کرونا وائرس کے خلاف زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں: بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اب کوئی الجھاؤ والے قوانین اور پابندیاں امریکی شہریوں کے ویکسین حاصل کرنے کی راہ میں حائل نہیں رہیں گی۔
صدر بائیڈن کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب امریکہ میں کرونا کی چوتھی لہر جاری ہے، جو نوجوانوں کو متاثر کر رہی ہے۔
بائیڈن نے کہا کہ "ہم ابھی وبا اختتام کے قریب نہیں پہنچے۔ ابھی بہت سا کام باقی ہے۔ ہم اب بھی اس وائرس کے خلاف زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔"
بائیڈن نے منگل کو ریاست ورجینیا کے ایک چرچ میں ویکسین لینے کی قطار میں موجود لوگوں سے کہا کہ جب وہ گھر جائیں تو اپنے تمام دوستوں کو بتائیں کہ جب بھی ممکن ہوسکے، وہ ویکسین لگوائیں۔