بھارت میں ریکارڈ دو لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو لاکھ 739 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وبا کے آغاز سے اب تک کیسز کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت کو کرونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے جس کے دوران مختلف ریاستوں میں پابندیوں کے باوجود کیسز اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا کے شکار مزید ایک ہزار 38 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 123 ہو گئی ہے۔
عالمی سطح پر کرونا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ کے بعد بھارت دوسرے نمبر پر ہے جہاں ایک کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کا اجلاس، رمضان کے حوالے سے اہم فیصلے
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان میں رمضان کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری ہدایات کے مطابق ملک بھر کاروباری مراکز رمضان میں سحر سے شام چھ بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔
اسی طرح ہر قسم کی ان ڈور سرگرمیوں پر بھی مکمل طور پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
رمضان کے دوران نمازِ تراویح کھلی جگہ پر ادا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
مزارات اور سینما گھروں کی بندش بدستور برقرار رکھی گئی ہے۔
این سی او سی کے اجلاس میں ہفتے اور اتوار کو ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے کا فیصلہ گیا گیا۔ ان دو دنوں میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی معطل رہے گی۔
اسی طرح ریل گاڑیوں میں 70 فی صد سیٹوں کی بکنگ کی جائے گی۔ جب کہ محکمہ ریلوے اضافی ٹرینیں بھی چلائے گا۔
یوگی ادتیہ ناتھ کا کرونا ٹیسٹ مثبت
بھارت کی ریاست اترپردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ہندی زبان میں اپنے ایک ٹوئٹ ٘میں یوگی ادتیہ ناتھ نے کہا کہ کرونا وائرس کی ابتدائی علامات ظاہر ہونے پر انہوں نے کرونا ٹیسٹ کرایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود کو آئسولیٹ کر چکے ہیں اور ڈاکٹروں کے مشورے پر عمل کر رہے ہیں۔
کرونا کے علاج میں مددگار ڈرون
برطانیہ کے برعکس اسکاٹ لینڈ کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگ الگ تھلگ جزائر کی وجہ سے کرونا وائرس سے کافی حد تک محفوظ ہیں۔ لیکن جزائر کے درمیان فاصلے طبی سہولتوں تک رسائی اور کرونا کی تشخیص کے کام کی راہ میں رکاوٹ بھی ہیں جس کا حل لوگوں نے اُڑتے ڈرونز میں تلاش کیا ہے۔ تفصیل اس رپورٹ میں۔