بھارت میں وبا کی دوسری لہر کی شدت میں اضافہ، ریکارڈ کیسز اور اموات
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پیر کو دو لاکھ 73 سے زیادہ ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارت میں مسلسل پانچویں روز دو لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق عالمی وبا سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 1619 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
ریاست مہاراشٹرا، دہلی اور کرناٹکا میں ایک روز کے دوران ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔ مہاراشٹرا میں 68 ہزار 631، دہلی میں 25 ہزار سے زائد اور کرناٹکا میں 19 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ریاست بہار، راجستھان، تامل ناڈو اور مانی پور نے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں جس کے تحت شاپنگ مالز، اسکولز، سنیما اور مذہبی مقامات 15 اپریل تک بند رہیں گے۔
ہانگ کانگ نے تین ملکوں سے پروازوں پر پابندی لگا دی
ہانگ کانگ نے کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آنے کے بعد بھارت، پاکستان اور فلپائن سے پروازوں کو معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 20 اپریل سے دو ہفتوں کے لیے مذکورہ ممالک سے پروازوں کو معطل کر دیا جائے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 14 دنوں میں ہانگ کانگ میں بیرونِ ملک کی قسم کے متعدد کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مذکورہ تینوں ملکوں کو کرونا درجہ بندی کے 'انتہائی خطرناک' ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو ہانگ کانگ شہر میں 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس میں سے 29 بیرونِ ملک سے آںے والوں کے تھے۔ ہانگ کانگ میں کیسز کی یہ تعداد 15 مارچ کے بعد یومیہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد تھی۔
دنیا بھر میں کرونا سے اموات 30 لاکھ سے متجاوز
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 14 کروڑ سات لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 30 لاکھ 11 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں۔
امریکہ میں پانچ لاکھ 66 ہزار 904، برازیل میں تین لاکھ 71 ہزار 678، میکسیکو میں دو لاکھ 12 ہزار 228 جب کہ بھارت میں ایک لاکھ 77 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کیسز کے لحاظ سے امریکہ تین کروڑ 16 لاکھ سے زائد کیسز کے ساتھ پہلے جب کہ بھارت ایک کروڑ 47 لاکھ سے زائد کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
بھارت میں مزید دو لاکھ 61 ہزار سے زائد کیس
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر بے قابو ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ملک میں ایک روز میں ریکارڈ دو لاکھ 61 ہزار پانچ سو نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز ایک کروڑ 47 لاکھ 88 ہزار 109 ہو گئے ہیں۔
اتوار کو بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 1500 سے زائد ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار 150 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ دوسرا بڑا ملک ہے اور گزشتہ کئی روز سے وہاں کرونا کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔