پشاور: کرونا کے شکار ڈاکٹر اور نرس ہلاک
پاکستان کے شہر پشاور میں کرونا وائرس کے شکار ایک اور ڈاکٹر اور نرس دم توڑ گئے ہیں۔
کرونا سے ہلاک ہونے والے ڈاکٹر خیر محمد برکی گزشتہ کئی روز سے پشاور کے نجی اسپتال کے آئی سی یو میں زیرِ علاج تھے۔
ڈاکٹر برکی لیڈی ریڈنگ اسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ٹانک کے ایم ایس رہ چکے ہیں جن کی ہلاکت کے بعد خیبر پختونخوا میں کرونا سے ہلاک ہونے والے ڈاکٹروں کی کل تعداد 61 ہو گئی ہے۔
پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی سینئر نرس نازیہ بھی چل بسی ہیں جو اسی اسپتال میں گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔
پاکستان: نیا سفری ہدایت نامہ جاری
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کیٹیگری سی میں شامل ممالک کی تعداد میں اضافے کے ساتھ سفری پابندیوں کی مدت میں 24 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔
سول ایوی ایشن نے 23 ممالک کو 'سی' کیٹیگری میں رکھا ہے جہاں سے آنے والے مسافروں کی پاکستان آمد این او سی سے مشروط کی گئی ہے۔
کیٹیگری 'سی' میں بھارت کو بھی شامل کر لیا گیا ہے جب کہ اس درجے میں جنوبی افریقہ، بزایل، زمبابوے، بھارت، کینیا، تنزانیہ، روانڈا، موزمبیک سمیت 23 ممالک شامل ہیں۔ این او سی کے بغیر مذکورہ ملکوں سے مسافروں کی پاکستان آمد پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔
ان ممالک میں موجود پاکستانی پاسپورٹ، نائیکوپ اور پی او سی کارڈ ہولڈرز پاکستانی بھی وطن واپس نہیں آسکیں گے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کیٹیگری 'اے' کے ممالک کی تعداد 20 کر دی ہے جن میں آسٹریلیا، چین، جاپان، سعودی عرب، سنگاپور، سری لنکا اور بھوٹان بھی شامل ہیں۔ ان ممالک سے آنے والے مسافروں پر کرونا ٹیسٹ کی شرط لاگو نہیں ہوتی۔
کیٹیگری 'بی' میں شامل ملکوں سے آنے والے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کا دورانیہ 72 گھنٹے ہو گا۔
بھارت: 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو کرونا ویکسین لگانے کا اعلان
بھارت کی حکومت نے یکم مئی سے 18 سال سے زائد عمر کے تمام تر افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے پیر کو کیا جانے والا یہ اعلان کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے سبب کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت کو کرونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کی حکمتِ عملی پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسین بنانے والوں کو 50 فی صد خوراکیں وفاقی حکومت اور باقی ریاستی حکومت اور اوپن مارکیٹ کو پہلے سے اعلان شدہ قیمت پر فراہم کرنا ہو گی۔
یاد رہے کہ کرونا کیسز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی، مہاراشٹرا اور گجرات سمیت 13 ریاستوں میں کرفیو، لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں نافذ ہیں۔
پاکستان میں مزید 137 اموات
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 137 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 5445 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھںٹوں میں 68 ہزار دو افراد کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں مثبت کیسز کی شرح آٹھ فی صد رہی۔