بھارت میں کرونا وبا کی دوسری لہر 'سونامی' ہے: دہلی ہائی کورٹ
بھارت میں یومیہ کرونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین لاکھ 46 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ وبا کے سبب دو ہزار 624 اموات ہوئیں۔
بھارت میں ایک روز قبل تین لاکھ 32 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے۔
نئی دہلی کے جے پور گولڈن اسپتال میں 25 مریض آکسیجن کی کمی کی وجہ سے دم توڑ گئے۔ سینئر کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ان اموات پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتے کو ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور صورتِ حال کا جائزہ لیا اور متعدد ریاستوں کی طرف سے آکسیجن کی کمی کی شکایات سامنے آنے پر وزیرِ اعظم نے رسد تیز کرنے کی ہدایت کی۔
بھارت: اسپتالوں کے باہر کرونا مریضوں کی بے بسی
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے باعث اسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں جب کہ آکسیجن کی بھی شدید قلت ہے۔ اسپتال کے باہر مریضوں کا رش ہے تاہم بستر نہ ہونے کی وجہ سے کئی مریض اپنی گاڑیوں میں ہی موت اور زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ایسے مریضوں کو گاڑیوں میں ہی آکسیجن فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مزید ایک ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ دیکھیے یہ پکچر گیلری۔۔
بھارت: ایک ہفتے میں 22 لاکھ سے زیادہ کیسز
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت برقرار ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں 22 لاکھ 49 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو دنیا میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں ایک ہفتے کے دوران سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
بھارت میں 18 اپریل سے 25 اپریل کے دوران کرونا کیسز اور اموات کے نئے ریکارڈ بنے ہیں۔ ملک میں اس ہفتے یومیہ کیسز تین لاکھ سے زیادہ جب کہ اموات دو ہزار سے زیادہ سامنے آئیں۔
بھارت سے قبل ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ کیسز امریکہ میں رواں برس جنوری کے پہلے ہفتے میں سامنے آئے تھے جو 17 لاکھ 90 ہزار تھے۔
کیسز اور اموات کے حالیہ اضافے نے بھارت کے طبی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ کئی بڑے اسپتالوں کو آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے جب کہ شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں پر بھی دباؤ ہے۔
دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد کی کرونا ویکسی نیشن مکمل
دنیا کے مختلف ممالک میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کو مجموعی طور پر ایک ارب سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔
البتہ، ویکسی نیش مہم کی رفتار امیر اور ترقی یافتہ ممالک میں زیادہ جب کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں سست روی کا شکار ہے۔
دنیا میں کرونا ویکسی نیشن کا سنگِ میل ایسے وقت میں عبور کیا گیا ہے جب دنیا کے مختلف ممالک خصوصاً بھارت وائرس سے بری طرح متاثر ہے۔ تاہم اب بھی یہ اُمید کی جا رہی ہے کہ اگر ویکسی نیشن مہم میں تیزی لائی گئی تو وائرس کا پھیلاؤ کم ہو سکتا ہے۔
دنیا بھر میں جمعے کو آٹھ لاکھ 93 ہزار ریکارڈ یومیہ کیس رپورٹ ہوئے۔