پاکستان میں مزید 142 مریض ہلاک، چار ہزار سے زیادہ نئے کیسز
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 142 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 4487 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز 43 ہزار 981 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح 10 اعشاریہ دو فی صد رہی۔
پاکستان میں ایکٹو کیسز کی مجموعی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو 87 ہزار سے تجاوز کر گئے ہیں۔
پاکستان: 40 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسین رجسٹریشن کا آغاز
حکومتِ پاکستان نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
رجسٹریشن کے لیے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو اپنا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیجنا ہو گا۔
آکسیجن ٹینک بنکاک سے بھارت پہنچ گئے
بھارت: مسلسل چھٹے روز تین لاکھ سے زیادہ کیسز
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین لاکھ 23 ہزار 144 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ وبا کے شکار مزید 2771 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
بھارت میں مسلسل چھٹے روز تین لاکھ سے زیادہ کیسز اور دو ہزار سے زیادہ اموات سامنے آئی ہیں۔
کیسز میں حالیہ اضافے کے بعد اسپتالوں میں بستروں اور آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے۔
عالمی وبا سے بھارت میں اب تک ایک لاکھ 97 ہزار سے زیادہ اموات اور ایک کروڑ 76 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔