بھارتی کشمیر میں کرونا وائرس کی کیا صورتِ حال ہے؟
"نئی دہلی سے فون آیا۔ وہ کہہ رہے تھے کہ جیسے پہلے کشمیر میں کرفیو تھا، لوگ مشکلات کا شکار تھے، وہ سب ہم آج محسوس کر رہے ہیں۔ ہمیں احساس ہو رہا ہے کہ آپ لوگ کتنی مشکل میں ہوں گے۔" بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کی خبریں تو آ رہی ہیں لیکن بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کیا صورتِ حال ہے؟ دیکھیے سرینگر سے زبیر ڈار کی اس ویڈیو میں
بھارت میں مسلسل نویں روز تین لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے تین لاکھ 86 ہزار 693 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار 498 ہے۔
بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 87 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی کُل تعداد دو لاکھ آٹھ ہزار سے زائد ہے۔
بھارت میں مسلسل نویں روز کرونا کے تین لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
پاکستان: پانچ ہزار 112 نئے کیسز اور 131 ہلاکتیں رپورٹ
پاکستان میں کرونا وبا کی صورتِ حال پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک میں 30 اپریل کو کرونا کے مزید پانچ ہزار 112 نئے کیسز اور 131 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 99 ٹیسٹ ہوئے ہیں جب کہ کرونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10 اعشاریہ چار ایک فی صد ہے۔
بھارت: چند گھنٹوں میں ویکسین کے لیے ایک کروڑ سے زائد رجسٹریشن
بھارت کی حکومت کی جانب سے یکم مئی سے 18 سے 44 سال کی عمر کے لوگوں کو ویکسین لگانے کے اعلان کے بعد نوجوانوں میں ویکسین رجسٹریشن کے لیے جوش دیکھا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق 28 اپریل کی شام چار بجے ’کو۔وِن‘ ایپ پر رجسٹریشن کا آغاز ہوا اور اب تک ایک کروڑ 70 لاکھ افراد خود کو رجسٹر کرا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن شروع ہونے کے ابتدائی تین گھنٹوں یعنی چار سے سات بجے کے دوران 38 کروڑ 30 لاکھ اے پی آئی ہٹس درج کی گئیں۔ یعنی 27 لاکھ ہٹس فی منٹ ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے علاوہ ایک کروڑ 45 لاکھ ٹیکسٹ میسج کامیابی کے ساتھ ڈلیور ہوئے۔