رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:03 10.5.2021

کرونا کی ایسی اقسام بھی سامنے آ سکتی ہیں جن کے خلاف ویکسین مؤثر نہیں ہو گی: سائنس دان

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کرونا کی بعض ایسی اقسام بھی سامنے آ سکتی ہیں جن کے خلاف ویکسین مؤثر نہیں ہو گی۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ویکسین لگوانے کے بعد بھی کچھ افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس دوران وائرس کی سامنے آنے والی نئی اقسام کے جائزے کی بھی ضرورت ہے۔

امریکہ کے جانز ہاپکنز سینٹر فار ہیلتھ سیکیورٹی کی سینئر اسکالر جی جی گرونوَل کا کہنا ہے کہ "اس دنیا میں کوئی بھی چیز 100 فی صد نہیں ہے۔"

انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ کرونا وائرس کے مزید ویرینٹ (قسم) سامنے آ سکتے ہیں جس کے پھیلاؤ پر ویکسین کے ذریعے قابو نہیں پایا جا سکے گا، لہذٰا اس معاملے پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیے

15:58 10.5.2021

پاکستانی مسافروں کے امارات داخلے پر پابندی

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

پیر کو اماراتی حکام کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مذکورہ پابندی پر عمل درآمد بدھ سے ہو گا اماراتی شہریوں، سفارتی عملے، سرکاری وفود کو اس پابندی سے استثنٰی حاصل ہو گا۔

البتہ، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال جانے والی ٹرانزٹ فلائٹس کو متحدہ امارات اُترنے کی اجازت ہو گی جب کہ متحدہ عرب امارات سے بھی ان ممالک کے مسافروں کو اپنے اپنے ممالک جانے کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔

11:10 10.5.2021

'سولہ مئی سے تمام افراد کے لیے ویکسی نیشن شروع کردی جائے گی'

پاکستان میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔
پاکستان میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔

سندھ کی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ 16 مئی سے تمام افراد کے لیے ویکسی نیشن شروع کردی جائے گی اور اب 40 سال سے کم عمر افراد بھی ویکسین لگوا سکیں گے۔

کراچی میں ایکسپو سینٹر میں ماس ویکسی نیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ لوگوں کی طرف سے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے کرونا کے پھیلاؤ کا امکان زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ویکسین فوری دستیاب ہو تاکہ زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جا سکے۔

صوبائی وزیر کے مطابق سندھ میں کوویکس، ایسٹرازینیکا، سائنو فارم اور کین سائنو ویکسین لگائی جائیں گی۔

ڈاکٹر عذرا کے مطابق اگر ویکسین رجسٹریشن میں کسی کو کوئی مسائل کا سامنا ہے تو وہ ویکسی نیشن سینٹر آئے اس کی رجسٹریشن کرکے ویکسین لگا دی جائے گی۔

10:40 10.5.2021

کراچی ایکسپو سینٹر ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایکسپو سینٹر کو ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

محکمۂ صحت سندھ کے ایک ٹوئٹ کے مطابق صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے پاکستان کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔

ان کے بقول ایکسپو سینٹر میں یومیہ 25 سے 30 ہزار ویکسی نیشن کی جاسکتی ہیں اور یہاں تربیت یافتہ عملہ 24 گھنٹے موجود ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG