امریکہ: کرونا وبا میں اسکول چھوڑنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ
امریکہ میں کرونا وبا کے دوران اسکول چھوڑنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اگرچہ ابھی تک ایسے اعداد و شمار موجود نہیں ہیں جن سے ان بچوں کی تعداد معلوم ہو سکے، لیکن اساتذہ کا کہنا ہے کہ ایسے بچوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو اپنی کلاسوں سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔
امریکہ میں عالمی وبا کے دوران اسکولوں نے آن لائن کلاسز کے ذریعے تعلیم جاری رکھی۔ ایسے میں آن لائن کلاسز سے غیر حاضر رہنے والے بچوں کی تعداد کے مسلسل بڑھنے کے باعث اساتذہ اور اسکول انتظامیہ میں تشویش پھیل گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکی اسکول ان بچوں کو واپس لانے کے لیے تمام کوششیں کر رہے ہیں۔ ان میں ان بچوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے ڈھونڈنا، ان کے گھروں میں جانا اور اسکولوں کے اسٹاف کو ان بچوں کے ضائع ہونے والے وقت کو بچانے کے لیے خصوصی مدد کے لیے کہنا شامل ہے۔
اسکولوں کا کہنا ہے کہ پچھلے برس اسکول چھوڑنے والے بچوں کے اعداد و شمار ابھی موجود نہیں ہیں۔ کچھ اسکول حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ جو بچے گھر سے پڑھنے کے دوران لاگ آن نہیں کر رہے، وہ اسکول چھوڑنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
آئندہ دنوں میں پاکستان کے لیے کوویکس سے مزید ویکسین متوقع ہے، اقوامِ متحدہ
اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجرک نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کوویکس کے تحت پاکستان میں کرونا ویکسین کی مزید 12 لاکھ خوراکوں کی آمد متوقع ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ایک جاری کردہ بیان کے مطابق ترجمان نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان میں ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس کی سربراہی میں ہماری ٹیم موجود ہے اور انہوں نے ہمیں بتایا ہے کہ کوویکس سے 12 لاکھ خوراکوں کی پہلی کھیپ ہفتے کو پاکستان پہنچ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کی ٹیم کوویکس کے ساتھ کام کر رہی ہے تاکہ پاکستان کی 20 فی صد آبادی کے لیے ویکسین کی مناسب خوراکیں فراہم کی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ٹیم پاکستانی فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی تربیت کے ساتھ ساتھ صحت کے مراکز میں پانی، صفائی کی دیکھ بھال وغیرہ میں مدد فراہم کر رہی ہے۔
ان کے بقول ان کی ٹیم نے 10 لاکھ سے زائد ہیلتھ ورکرز اور پولیس افسران کو ذاتی تحفظ کا سامان (پی پی ایز) بھی فراہم کیا ہے۔
بھارت میں کرونا کے تین لاکھ 29 ہزار سے زائد نئے مریض
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت جاری ہے اور مزید تین ہزار 876 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں تین لاکھ 29 ہزار 942 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد دو کروڑ 29 لاکھ 92 ہزار 517 تک پہنچ گئی۔
بھارت میں مزید تین ہزار 876 افراد کرونا وائرس کے باعث ہلاک ہوگئے۔ ملک میں اموات کی تعداد لگ بھگ ڈھائی لاکھ ہو گئی ہے۔
ملک میں کرونا کیسز اور اموات کی صورتِ حال کے باعث نریندر مودی کی حکومت پر ملک گیر لاک ڈاؤن کےلیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
پاکستان میں تقریباً دو ماہ بعد کرونا کیسز کی کم ترین یومیہ تعداد
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران مزید تین ہزار 84 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 ہزار 883 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں مثبت کیسز کی شرح 7.93 فی صد رہی۔
ملک میں منگل کو مزید 113 افراد کرونا وائرس سے انتقال بھی کر گئے۔
واضح رہے کہ منگل کو سامنے آنے والے کیسز 16 مارچ کے بعد سے یومیہ کیسز کی سب سے کم تعداد ہے۔