پاکستان میں اب تک 51 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن
پاکستان میں 30 سے 40 سال کے عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا عمل ہفتے سے شروع کر دیا گیا ہے۔
کرونا وبا پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق 30 سال سے زائد عمر والے افراد 1166 پر میسیج کرکے ویکسین کے لیے رجسٹر ہو سکتے ہیں۔
این سی او سی کے ہفتے کو جاری کردہ اعداوشمار کے مطابق رواں ہفتے 20 مئی کو ملک بھر میں ایک لاکھ 94 ہزار 421 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
پاکستان میں اب تک 51 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد ویکسین لگوا چکے ہیں۔
کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کو ویکسین کی دو ارب خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان
کرونا ویکسین بنانے والی امریکہ کی ‘فائزر’ اور جرمنی کی ‘بائیو این ٹیک’ کمپنیوں نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ وہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کو ویکسین کی دو ارب خوراکیں فراہم کریں گے۔
کرونا ویکسین بنانے والی کمپنی کی طرف سے یہ اعلان امیر اور غریب ممالک کے درمیان فرق کو مٹانے کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کا حصہ ہے۔
جرمن کمپنی فائزر کے سی ای او البرٹ بورلا کا اٹلی کے دارالحکومت روم میں منعقدہ عالمی صحت کانفرنس میں کہنا تھا کہ کرونا ویکسین کی پہلی ایک ارب خوراکوں کی کھیپ رواں سال جب کہ باقی ایک ارب خوراکوں کی کھیپ اگلے سال تک پہنچا دی جائے گی۔
خیال رہے کہ امریکی فارما سوٹیکل کمپنیاں ‘موڈرنا’ اور ‘جانسن اینڈ جانسن’ بالترتیب دو لاکھ اور ایک لاکھ خوراکیں عطیہ کرنے کا اعلان کر چکی ہیں۔
پاکستان: پابندیوں میں کمی مگر کرونا کیسز میں پھر اضافہ
پاکستان میں عید پر کرونا لاک ڈاؤن کے بعد 24 مئی سے بہت سی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لیکن کئی روز تک یومیہ کیسز کی تعداد کم رہنے کے بعد ایک مرتبہ پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ ایسی صورتِ حال میں پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ ماضی سے کتنا مختلف ثابت ہوگا؟ جانیے پنجاب کرونا ایڈوائزری گروپ کی رکن ڈاکٹر صومیہ اقتدار سے۔
ویکسین لگوانے پر قرعہ اندازی میں گائے جیتنے کا موقع
دنیا بھر میں کرونا وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ویکسی نیشن مہم کو تیز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور لوگوں کو ویکسین سے متعلق آگاہی اور انہیں امادہ کرنے کے لیے نئی نئی مہم بھی سامنے آ رہی ہیں۔
ویکسین لگوانے والے کہیں شہریوں کو مفت میں ڈونٹ دیے جا رہے ہیں۔ کہیں ویکسین لگوانے پر چرس کے سگریٹ دیے جا رہے ہیں۔ تو کہیں لوگوں کے چہروں سے ویکسین لگوانے کا خوف ختم کرنے کے لیے ویکسین کی طرح دکھنے والے کیک فروخت کیے جا رہے ہیں۔
لیکن اب شمالی تھائی لینڈ کے ایک ضلع میں کرونا ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ویکسین لگوانے والے افراد کو مفت میں گائے جیتنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔