پاکستان: '30 یا اس سے زائد عمر کے افراد کسی بھی ویکسین سینٹر پر ٹیکہ لگوا سکتے ہیں'
کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس 'نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر' کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں 30 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسی نیشن سینٹر پہنچنے پر ویکسین لگانے کی منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسد عمر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں مزید بتایا کہ ہفتے سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین سینٹر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
اسد عمر نے اپیل کی ہے کہ اگر آپ 30 یا اس سے زائد عمر کے ہیں تو کسی بھی ویکسین سینٹر پر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں شہریوں کو عمر کے حساب سے مرحلہ وار ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے جس کے لیے شہریوں کو شناختی کارڈ نمبر 116 پر بھیج کر رجسٹریشن کرانا ہوتی ہے۔ بعدازاں رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کا جوابی پیغام موصول ہوتا ہے۔
ویکسین لگانے کے پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو دو فروری سے ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوا تھا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔ تیسرے، چوتھے اور پانچویں مرحلے میں 50، 40 اور بتدریج 30 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا عمل شروع کیا ہوا ہے۔
پاکستان میں کرونا کیسز کی مثبت شرح پانچ فی صد سے کم
پاکستان میں کرونا کیسز میں کچھ حد تک کمی آ رہی ہے۔ ملک میں جمعرات کو دو ہزار 726 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 62 ہزار 706 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 34 فی صد رہی۔
ملک میں عالمی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں 75 کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی اموات 20 ہزار 540 تک پہنچ گئیں۔
پاکستان میں وائرس سے اب تک مجموعی طور پر نو لاکھ 11 ہزار 302 افراد متاثر ہوئے ہیں جس میں چار ہزار 109 نگہداشت کی حالت میں ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید تین ہزار 847 اموات
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو لاکھ 11 ہزار 298 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو بھارت میں کرونا سے مزید تین ہزار 847 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس سے مجموعی اموات کی تعداد تین لاکھ 15 ہزار235 ہوگئی ہے۔
بھارت میں کرونا وبا کے مجموعی کیسز دو کروڑ 73 لاکھ 69 ہزار 93 ہے جس میں سب سے زیادہ کیسز ریاست مہاراشٹرا میں ہیں جس کی تعداد 56 لاکھ 50 ہزار 907 ہے۔
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن کا اعلان
آسٹریلیا کی دوسری سب سے گنجان آباد ریاست وکٹوریا میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق لاک ڈاؤن کا آغاز جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 59 منٹ سے ہو گا اور یہ تین جون تک جاری رہے گا۔
لاک ڈاؤن میں لوگوں کو صرف ضروری کام، علاج معالجے، اشیائے خورونوش کی خریداری، ایکسرسائز یا کرونا ویکسی نیشن کے لیے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہو گی۔
ریاست وکٹوریا کے قائم مقام پریمیئر جیمس مرلینو نے میلبورن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ 'ہم وائرس کی انتہائی متعدی صورتِ حال سے نمٹ رہے ہیں، یہ تشویش ناک قسم ہے جو پہلے کے مقابلے زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔'