ویت نام میں بھارتی اور برطانوی ویرینٹس کے مجموعے کی تشخیص
ویت نام کے حکام نے کرونا وائرس کے ایک ایسے ویرینٹ (قسم) کی تشخیص کی ہے جو کہ بھارتی اور برطانوی ویرینٹ کا مجموعہ قرار دیا جا رہا ہے اور ہوا کے ذریعے زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔
وزیرِ صحت نگیون تھان لانگ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ نیا ویرینٹ بہت زیادہ خطرناک ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق وزیرِ صحت سامنے آنے والے نئے ویرینٹ کا نام اور تفصیلات جلد فراہم کریں گے۔
ویت نام میں رواں سال کرونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اب تک چھ ہزار 713 کیسز رپورٹ جب کہ 47 اموات ہو چکی ہیں۔
عالمی ادارہٴ صحت نے کرونا وائرس کے چار ویرینٹس کی تشخیص کی ہے جن میں برطانوی، برازیلی، جنوب افریقی اور بھارتی اقسام شامل ہیں۔
بھارت میں 45 دن میں ہفتے کو کم ترین یومیہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک لاکھ 73 ہزار 790 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ جو کہ گزشتہ 45 دنوں کے دوران رپورٹ کیے جانے والے یومیہ کیسز میں سب سے کم تعداد ہے۔
وزارتِ صحت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کو وبا کے سبب مزید تین ہزار 617 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین لاکھ 22 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں اب تک دو کروڑ 77 لاکھ افراد میں وبا کی تشخیص ہو چکی ہے۔
آسٹریلیا: ریاست وکٹوریا میں لاک ڈاؤن کے باوجود کیسز رپورٹ
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں لاک ڈاؤن کے باوجود ہفتے کو کرونا وائرس کے پانچ مقامی منتقلی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔ جب کہ ایسے مقامات جن کا متاثرہ افراد نے دورہ کیا تھا، ان کی تعداد 150 سے زائد ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
ویکسی نیشن سینٹرز میں ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں اضافے کے سبب لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور تکنیکی مسائل کا سامنا ہے۔
ریاست وکٹوریا میں رواں ہفتے جمعرات کو ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔ جو کہ کرونا وبا کے پیش نظر ریاست میں لگائے جانے والا چوتھا لاک ڈاؤن تھا۔
خیال رہے کہ وکٹوریا میں وبا اس مسافر کی وجہ سے پھیلی جس نے کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر ہوٹل میں قائم قرنطینہ چھوڑ دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں اس کا میلبرن میں کیے جانے والا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
’امریکہ اور بھارت کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں متحد ہیں‘
امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن کا کہنا ہے کہ امریکہ اور بھارت کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں متحد ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی کرونا بحران میں بھارت کی مدد کے لیے پُر عزم ہے۔
بھارت کے وزیرِ خارجہ جے شنکر کا، جو کہ امریکہ کے دورے پر ہیں، بلنکن کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارت واشنگٹن کی بھرپور حمایت اور یکجہتی کا شکر گزار ہے۔
بلنکن کا کہنا تھا کہ وبا کے ابتدائی ایام میں بھارت، امریکہ کی مدد کے لیے موجود تھا جسے وہ کبھی بھلا نہیں سکتے۔ بلنکن کے بقول وہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ امریکہ بھی ایسی صورت حال میں بھارت کی مدد کرے۔
خیال رہے کہ بھارت میں وبا شروع ہونے کے بعد رواں ماہ سب سے زیادہ یومیہ ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔ جب کہ اب تک ایک ارب 30 کروڑ آبادی میں سے صرف 3 فی صد آبادی کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ جو کہ سب سے زیادہ کرونا کیسز رپورٹ کیے جانے والے 10 ممالک میں سب سے کم ہے۔