بھارت میں کرونا کیسز میں کمی، اموات تین ہزار 900 سے زائد
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی آئی ہے البتہ اموات کی تعداد اب بھی چار ہزار کے قریب ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیر کو بھارت میں کرونا وائرس کے 70 ہزار 421 نئے مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز دو کروڑ 95 لاکھ 10 ہزار 410 ہوگئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید تین ہزار 921 مریض ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ ملک میں مجموعی ہلاکتیں تین لاکھ 74 ہزار 305 تک پہنچ گئی ہیں۔
ملک میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا ہے جہاں کرونا کیسز کی تعداد 59 لاکھ سے زائد ہے۔
برطانیہ میں کرونا پابندیوں کے خاتمے میں تاخیر کا اعلان متوقع
برطانیہ میں کرونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد پیدا ہوتے تحفظات کے باعث کرونا وائرس کی عائد پابندیوں کے خاتمے میں تاخیر کا امکان ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق برطانوی وزیرِاعظم کی جانب سے پیر کو اس بات کا اعلان متوقع ہے کہ کووڈ 19 کی پابندیوں کے خاتمے میں تاخیر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فروری میں بورس جانسن کی جانب سے پیش کردہ روڈ میپ کے تحت حکومت نے یہ اشارہ دیا تھا کہ کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائی گئی تمام سماجی پابندیاں 21 جون سے پہلے ہٹا لی جائیں گی اور پبز، کلبز اور دیگر اس طرح کے مقامات مکمل کھولے جاسکتے ہیں۔
البتہ حالیہ ہفتوں کے دوران برطانیہ میں بھارت میں سب سے پہلے تشخیص ہونے والی کرونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ صحت کے حکام کا ماننا ہے کہ یہ قسم گزشتہ قسم سے 60 فی صد زیادہ تیزی سے منتقل ہوتی ہے اور سائنس دانوں نے تیسری لہر سے خبردار بھی کیا ہے۔
بورس جانسن نے کہا کہ حالیہ دنوں میں انفیکشن اور اسپتال میں داخلوں کی تعداد میں اضافہ 'سنگین تشویش' کا باعث ہے۔
نئی دہلی میں کرونا پابندیوں میں نرمی
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد دارالحکومت نئی دہلی میں لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دہلی کے وزیرِاعلیٰ اروند کیجری وال نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دارالحکومت میں عبادت گاہیں پیر سے کھولنے کی اجازت ہو گی لیکن ابھی زائرین کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ان کے بقول دارالحکومت میں پچاس فی صد بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ ریستوران بھی کھولے جا سکیں گے۔
دہلی میں کرونا کی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ صبح 10 سے رات آٹھ بجے تک تمام مالز کھولے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سیلونز، بیوٹی پارلرز اور نائی کی دکانوں کو بھی دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
البتہ دارالحکومت میں اسکول، کالج اور کوچنگ انسٹی ٹیوٹ 21 جون تک بند رہیں گے، جب کہ جمز، اسپا، سوئمنگ پول، بینکوئٹ ہال، امیوزمنٹ پارکس، سنیما ہال، تھیٹر اور عوامی پارک بھی بند رہیں گے۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 34 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح ڈھائی فی صد ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 39 ہزار 214 ٹیسٹ کیے گئے جس میں ایک ہزار 19 میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ملک میں کرونا کی عالمی وبا سے مزید 34 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد نو لاکھ 42 ہزار 189 ہے جس میں سے آٹھ لاکھ 78 ہزار 740 صحت یاب ہوئے ہیں جب کہ ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 21 ہزار 723 ہے۔