پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح دو فی صد کے قریب
پاکستان میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح دو فی صد کے قریب ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 46 ہزار 269 ٹیسٹ کیے گئے۔ جن میں سے 991 ٹیسٹ مثبت آئے۔
حکام کے مطابق پاکستان ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2.14 فی صد ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 40 لاکھ 72 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
پاکستان میں ویکسین کی قلت، حکام کا مزید خوراکیں جلد پہنچنے کا عندیہ
پاکستان کے مختلف شہروں میں کرونا ویکسین کی قلت کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سندھ کی صوبائی حکومت نے ویکسین کی قلت کے باعث اتوار کو ویکسی نیشن سینٹر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں اب بھی 10 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اتوار کو 15 لاکھ 50 ہزار جب کہ دو دن بعد 25 لاکھ خوارکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ جون کے آخر تک مزید 30 لاکھ تک خوراکیں پاکستان لائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی چار لاکھ پاک ویک کی خوراکیں تیار کر لی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پاک ویک چین کی کنسائنو ویکسین کا مقامی نام رکھا گیا ہے۔ چین کی ویکسین پاکستان میں تیار کی جا رہی ہے البتہ اس کے اجزا چین سے لائے جا رہے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 27 افراد ہلاک، 35 ہزار سے زائد زیرِ علاج
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 27 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 940 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 991 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ وبا سے اب تک نو لاکھ 47 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں آٹھ لاکھ 89 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں اب بھی ساڑھے 35 ہزار مریض زیرِ علاج ہیں۔ زیرِ علاج افراد میں 2296 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
پاکستان میں اموات کی تعداد 21 ہزار 874 ہو گئی
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 1119 افراد متاثر جب کہ 46 اموات ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 46 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 874 ہو گئی ہے۔ جب کہ مزید 1119 کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی طور پر متاثر افراد کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار ہو گئی ہے۔
پاکستان میں وبا سے متاثرہ آٹھ لاکھ 87 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب بھی 36 ہزار 215 افراد زیرِ علاج ہیں۔