پاکستان میں مزید 34 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 34 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 1400 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 48 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے۔
پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2.91 فی صد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مزید 34 اموات کے بعد مجموعی طور پر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 22 ہزار 379 ہو گئی ہے۔
امریکہ سے 25 لاکھ موڈرنا ویکسین کی خوارکیں پاکستان پہنچ گئیں
امریکہ کی پاکستان کو فراہم کردہ موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں اسلام آباد پہنچ گئیں۔
امریکہ کے پاکستان میں موجود سفارت خانے کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ ویکسین پاکستان کے لوگوں کو ویکسین کی ترسیل کے بین الاقوامی اتحاد ’کوویکس‘، یونیسف اور حکومتِ پاکستان کے اشتراک سے فراہم کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ عطیہ امریکہ کی جانب سے دنیا بھر میں ویکسین کی آٹھ کروڑ خوراکیں تقسیم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
امریکہ کے سفارت خانے کی ناظم الامور اینجیلا پی ایگلر نے کہا ہے کہ اس ویکسین کے استعمال سے پاکستان میں انسانی جانوں کے تحفظ اور اس بحران سے نکلنے میں مدد میسر ہو گی۔
ویکسین کی اس کھیپ کے علاوہ امریکہ نے پاکستان کو وبا میں مدد کے لیے پانچ کروڑ ڈالر بھی دیے ہیں۔
پاکستان میں مزید 23 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وبا سے مزید 23 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی اموات سمیت مجموعی طور پر کرونا وائرس سے اب تک 22 ہزار 254 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز تک ملک بھر میں یومیہ اوسطاََ 70 سے 80 افراد ہلاک ہو رہے تھے۔ البتہ دو ہفتے قبل اموات کی شرح میں کمی آئی ہے۔
پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح دو فی صد سے کم ہو گئی
پاکستان میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح دو فی صد سے کم ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 41 ہزار 133 ٹیسٹ کیے گئے جن میں تصدیق ہوئی کہ مزید 735 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
یوں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 1.78 فی صد ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند ہفتے قبل پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10 فی صد سے بھی بلند ہو گئی تھی۔