پاکستان میں کرونا کی چوتھی لہر کا خدشہ
پاکستان کے وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے ملک میں کرونا کی چوتھی لہر شروع ہونے کے واضح آثار نظر آرہے ہیں۔
اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ دو ہفتے قبل اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ہمارے آرٹیفیشل انٹیلی جینس ماڈلز چوتھی لہر شروع ہونے کے امکان ظاہر کررہے ہیں۔ اب چوتھی لہر شروع ہونے کے واضح آثار نظر آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا سے بچاؤ کی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے اور کرونا کی دیگر اقسام بالخصوص بھارتی قسم کے پھیلاؤ کے باعث یہ صورت حال پیدا ہوئی ہے۔
بھارت میں کرونا سے مزید 817 اموات
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 45 ہزار 892 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے مزید 817 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
بھارت میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ چار دو ریکارڈ کی گئی ہے۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 291 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان میں ایک ہزار 683 نئے کیس
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 531 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 683 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کیسز کی مثبت شرح تین اعشاریہ تین فی صد رہی۔
ملک میں کرونا سے 24 افراد کی اموات ہوئی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے ایک ہزار 84 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
جنوبی کوریا میں کرونا کے یومیہ کیسز کا نیا ریکارڈ
جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 257 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ تعداد ملک میں رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق صحت کے حکام جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر غور کر رہے ہیں، جہاں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
ملک میں کرونا سے اب تک ایک لاکھ 64 ہزار 28 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دو ہزار 34 ہے۔
جنوبی کوریا کی مجموعی آبادی میں سے دس فی صد افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے جب کہ تیس فی صد نے ویکسین کی کم از کم ایک خوراک حاصل کر رکھی ہے۔