پاکستان: مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ آٹھ چار ریکارڈ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 47 ہزار 15 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے ایک ہزار 808 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا سے مزید 15 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جب کہ مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ آٹھ چار ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 670 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
ملک میں کرونا سے اب تک نو لاکھ 75 ہزار 92 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 597 ہے۔
بھارت میں 37 ہزار 154 نئے کیسز رپورٹ
بھارت کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پیر کو مزید 37 ہزار 154 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 724 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
ملک میں کرونا وائرس سے مزید 39 ہزار 649 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک تین کروڑ 87 لاکھ چار ہزار 376 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 87 ہزار 64 ہے۔
آسٹریلیا: کرونا وائرس سے رواں سال کی پہلی ہلاکت
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں اتوار کو کرونا وائرس سے رواں سال کی پہلی ہلاکت ہوئی ہے جو مقامی سطح پر متاثرہ کیس تھا۔
خبر رساں اداے 'رائٹرز' کے مطابق اتوار کو نیو ساؤتھ ویلز میں کرونا وائرس کے 77 نئے کیسز کی بھی تصدیق ہوئی جو رواں سال کے ریکارڈ کیسز ہیں۔
اسٹیٹ پریمیئر گلیڈیز بیریجیکلیان نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر سڈنی کے اندر اور اس کے اطراف کرونا کیسز میں اضافہ متوقع ہے۔
سڈنی میں کرونا کیسز کی وجہ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
تھائی لینڈ: سائنو ویک کی دونوں خوراکوں کے باوجود سیکڑوں ہیلتھ ورکرز کرونا سے متاثر، وزارتِ صحت
تھائی لینڈ کی وزارتِ صحت نے اتوار کو کہا ہے کہ چین کی سائنو ویک ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے چھ سو سے زائد میڈیکل ورکرز کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق وزارتِ صحت کے اپریل سے جولائی کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اس عرصے میں چھ لاکھ 77 ہزار 348 طبی عملے کے افراد کو سائنو ویک کی دونوں خوراکیں دی گئیں۔ جن میں سے 618 ایسے تھے جو کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ ایک نرس ہلاک ہوئی اور ایک اور طبی رضاکار کی حالت نازک ہے۔
صحت کے ایک سینئر عہدیدار سوپان لمسریتھاون نے اتوار کو نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ ماہرین نے خطرے سے دوچار طبی عملے کی مدافعت بڑھانے کےلیے تیسری خوراک کی تجویز دی ہے۔