عالمی سطح پر کرونا کیسز اور اموات میں اضافہ
عالمی سطح پر کرونا کیسز اور وائرس کے سبب ہونے والی اموات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بدھ کو رپورٹ کیا ہے کہ دنیا بھر میں مسلسل نو ہفتوں بعد گزشتے ہفتے کرونا سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور 55 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کرونا کے کیسز میں بھی 10 فی صد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ان کے بقول سب سے زیادہ کیسز برازیل، بھارت، انڈونیشیا اور برطانیہ سے سامنے آئے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق عالمی سطح پر کرونا کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا سبب ویکسی نیشن کے عمل میں سست روی، پابندیوں میں نرمی اور پہلی مرتبہ بھارت میں تشخیص ہونے والی کرونا کی قسم ’ڈیلٹا‘ ہے جس کی 111 ممالک میں تصدیق کی جا چکی ہے۔
ترکی کے کرد علاقوں میں کرونا ویکسی نیشن کی شرح کم کیوں؟
ترکی کرونا وبا کے خلاف حفاظتی ٹیکوں کی مہم میں اپنی کامیابی کا دعویٰ کر رہا ہے لیکن کرد اکثریت والا علاقہ ویکسی نیشن میں ملک کے باقی حصوں سے بہت پیچھے ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ کرد زبان میں معلومات فراہم نہ کرنا ویکسی نیشن میں کمی کی وجہ ہے۔ مزید تفصیلات جانتے ہیں اس رپورٹ میں۔
متعدد امریکی ریاستوں میں ڈیلٹا ویرینٹ سمیت کرونا کے نئے کیسز میں اضافہ
امریکہ کو ایک بار پھر کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں زیادہ تر واقعات کووڈ 19 کی تیزی سے پھیلنے والی مہلک قسم ڈیلٹا کی ہے۔
دوسری جانب کئی امریکی ریاستوں میں ویکسین لگوانے کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
جن ریاستوں میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ان میں وسط مغربی ریاست میزوری بھی شامل ہے جہاں ویکسی نیشن کی سطح ملک بھر میں سب سے کم ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، کووڈ-19 کے انفکشن سے بچاؤ کے لیے میزوری کی 45 فی صد آبادی کو ویکسین کی کم ازکم ایک خوراک دی گئی ہے،جو قومی سطح 55 فی صد کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
میزوری کے دیہی علاقوں میں صورت حال مزید ابتر ہے جہاں 25 فی صد سے بھی کم لوگوں نے ویکسین لگوائی ہے۔
سینٹ لوئیس کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کرونا کے نئے کیسز کی تعداد میں 63 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
امریکہ کا انڈونیشیا کو کرونا ویکسین کی 30 لاکھ خوراکوں کا عطیہ
دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والے ملک انڈونیشیا کو کووڈ 19 کی بدترین لہر کا سامنا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے موڈرنا ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں انڈونیشیا بھیجی ہیں۔ انڈونیشیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس ویکسین کو طبّی عملے کے لیے بوسٹر شاٹس کے طور پر استعمال کرے گی۔ مزید دیکھیے اس رپورٹ میں۔