پاکستان میں کرونا سے 30 اموات
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 811 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 503 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے دو ہزار 452 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں کرونا سے 903 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ ملک میں وائرس سے اب تک نو لاکھ 91 ہزار 727 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
برطانیہ میں کرونا پابندیاں ختم
برطانیہ کی حکومت نے پیر کو ایک سال سے زائد عرصے سے عائد کرونا پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور ویکسین لگوانے پر اعتماد رکھیں۔
بورس جانسن نے کہا کہ یہ صحیح لمحہ ہے لیکن ہمیں یہ محتاط انداز میں کرنا ہے۔ ہمیں یہ یاد رکھنا ہوگا کہ وائرس اب بھی موجود ہے۔
اے ایف پی کے مطابق برطانیہ میں نائٹ کلبس، انڈور مقامات کو مکمل گنجائش کے ساتھ کھولنے جب کہ ماسک پہننے اور گھروں سے کام کرنے والے قانونی احکامات کو ختم کر دیا گیا ہے۔
جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ کرونا سے سب سے زیادہ اموات ہونے والے ممالک کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ہے۔
برطانیہ میں اب تک کرونا سے ایک لاکھ 28 ہزار 708 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 45 ہزار سے زائد ہے۔
بھارت: تین ماہ بعد کم ترین اموات رپورٹ
بھارت میں تین ماہ بعد کرونا سے کم ترین اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
بھارت کے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 499 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید 38 ہزار 164 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں 38 ہزار 660 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک تین کروڑ 11 لاکھ 44 ہزار سے زائد افراد متاثر اور چار لاکھ 14 ہزار 108 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ٹوکیو اولمپکس ولیج میں دو ایتھلیٹس میں کرونا کیسز کی تصدیق
جاپان میں ٹوکیو اولمپکس کے آغاز سے قبل دو ایتھلیٹس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے اتوار کو کہا ہے کہ ایتھلیٹس کے ولیج میں دو کھلاڑیوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ ہارومی واٹر فرنٹ ڈسٹرکٹ میں اولمپکس ولیج میں رکنے والے دو کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کا تعلق ایک ہی ملک سے ہے اور وہ ایک ہی کھیل میں حصہ لے رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اولمپکس سے منسلک افراد میں سے 10 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس میں ایک تیسرا کھلاڑی بھی شامل ہے جو ولیج میں نہیں ٹھیرا ہوا تھا۔