ٹوکیو اولمپکس میں شریک 100 امریکی ایتھلیٹس نے ویکسین نہیں لگوائی
ٹو کیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے کچھ گھنٹے قبل امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کے میڈیکل چیف نے بتایا کہ اولمپکس کے لئے ٹوکیو پہنچنے والے 613 امریکی کھلاڑیوں میں سے 100 نے کووڈ کی ویکسین نہیں لگوائی۔
امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کے میڈیکل ڈائریکٹر جوناتھن فینوف نے بتایا کہ امریکی ایتھلیٹس کی جانب سے سفر سے پہلے صحت سے متعلق پُر کئے جانے والے فارمز دیکھ کر پتا چلا کہ 83 فی صد امریکی ایتھلیٹس نے ویکسین لگوارکھی ہے۔
فینوف نے کہا، "83 فیصد ایک بڑی تعداد ہے اور ہم اس سے کافی خوش ہیں۔"
امریکہ میں امراض کی روک تھام کے ادارے سی ڈی سی کے مطابق، قومی سطح پر اب تک 56.3 فی صد امریکیوں کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے۔
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے اندازے کے مطابق، کھیلوں کے اولمپکس کے مقابلوں کے لئے تیار کئے گئے 'اولمپک ویلیج' میں رہنے والے تقریبا 85 فیصد افراد نے ویکسین لگوا رکھی ہے۔ یہ اعدادو شمار اولمپکس میں شرکت کرنے والے تمام ملکوں کی اولمپک کمیٹیوں کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کی بنیاد پر مرتب کئے گئے ہیں، تاہم ان کی غیر جانبدار ذرائع سے تصدیق نہیں کی گئی۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی (یو ایس او پی سی) کی رپورٹ زیادہ ٹھوس ہے، کیونکہ یہ سوالناموں پر مبنی ہے، جن کے جواب امریکی ایتھلیٹس کو ٹوکیو جانے سے پہلے دینے کو کہا گیا تھا۔
بھارت میں کرونا سے زندگی ہارنے والوں کی یاد میں ٹیٹو بنوانے کا رجحان
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے ٹیٹو اسٹوڈیوز میں کرونا وبا کی دوسری لہر کے دوران اپنی جانیں گنوانے والے افراد کی یاد میں ٹیٹوز بنوانے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔بھارت میں لاکھوں افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ بڑی تعداد میں زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ دیکھیے اس رپورٹ میں۔
کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کے کیسز میں 100 فی صد اضافہ
جامعہ کراچی میں قائم نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کے مطابق کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 100 فی صد بڑھ گئی ہے۔
منگل کو انسٹی ٹیوٹ میں گزشتہ روز 80 کی جینو ٹائپنگ کی گئی جن میں تمام ڈیلٹا ویرینٹ کے کیسز نکلے۔
دوسری جانب شہر کے کئی اسپتالوں میں کرونا کے مریضوں کے لیے مختص کوئی بیڈ خالی نہیں ہے۔ جن میں سول اسپتال، جناح اسپتال کے بعض بلاکس، انفیکشس ڈیزیز اسپتال گلشن اقبال اور دیگر اسپتال شامل ہیں۔
پاکستان میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 4.89 فی صد ہو گئی
پاکستان میں کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب یہ شرح پانچ فی صد تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 ہزار 636 ٹیسٹ کیے گئے۔ جن کے مثبت آنے کی شرح 4.89 فی صد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1841 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
خیال رہے کہ اب تک ملک بھر میں 10 لاکھ ایک ہزار 875 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے نو لاکھ 84 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 22 ہزار 971 اموات ہوئی ہیں۔