مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مریم نواز نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
کرونا صورتِ حال بہتر نہ ہوئی تو مزید اقدامات کریں گے: وزیرِ اعلیٰ سندھ
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کرونا وائرس پر تشکیل دی گئی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس کے دوران صوبے میں وبا کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس اور کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ شہرِ کراچی میں شام چھ بجے کے کاروباری سرگرمیوں پر پابندی کی ہدایت پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے یہ بھی ہدایت کی کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور انہوں نے ٹیوشن سینٹرز کو بھی فوری بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مراد علی شاہ جمعے کو کرونا کی صورتِ حال کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔ اگر صورتِ حالت بہتر نہ ہوئی تو اس حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
بھارت میں 17 مارچ کے بعد یومیہ کیسز میں ریکارڈ کمی
بھارت میں یومیہ کرونا کیسز کی شرح میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ صحت کے حکام کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 689 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارت میں لگ بھگ 132 روز بعد 30 ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 26 جولائی کو 17 لاکھ دو ہزار افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
بھارت میں ایکٹو کیسز کی تعداد میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے جو تین لاکھ 98 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ تین ماہ کے بعد پہلی بار ایکٹو کیسز کی تعداد چار لاکھ سے نیچے آئی ہے۔اس سے قبل 25 مارچ کو ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد تین لاکھ 95 ہزار تھی۔
پاکستان میں ایک وقفے کے بعد مسلسل دوسرے روز تین ہزار سے زیادہ کیسز
پاکستان میں منگل کو مسلسل دوسرے روز تین ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ مثبت کیسز کی شرح چھ اعشاریہ چھ ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 412 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3262 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
عالمی وبا کے شکار مزید 39 مریض بھی دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 23 ہزار 87 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا کے شکار 2722 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔