یونیسیف کی دنیا بھر سے جلد از جلد اسکول کھولنے کی اپیل
بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے بند کیے گئے اسکولوں کو اب کھول دینا چاہیے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی بندش بچوں کی بہتر نشو و نما اور مستقبل کے منظر نامے کے لیے نقصان دہ ہے۔
زمین کے شمالی نصف کرہ کے اسکول ان دنوں گرمیوں کی تعطیلات کی وجہ سے بند ہیں جب کہ دنیا کے باقی حصے کے اسکولوں کی بندش کی وجہ عالمی وبا کا پھیلاؤ ہے۔
عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں 60 کروڑ سے زیادہ بچے اسکول نہیں جارہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے لیے فنڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقے کے تقربیاً نصف ممالک میں اسکول کرونا کی وبا کے باعث 200 سے زیادہ دنوں تک بند رہے ہیں۔
آسٹریلیا: نیو ساؤتھ ویلز میں ریکارڈ کیسز، فوج سے مدد طلب کرنے کی درخواست
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں جمعرات کو مقامی سطح پر ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ریاست میں پابندیوں پر عمل درآمد کے لیے فوج سے مدد طلب کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مقامی سطح پر 239 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو وبا کے آغاز سے ایک دن میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس کا کہنا ہے کہ جمعے سے سخت پابندیوں کے آغاز کے ساتھ 300 فوجی اہل کاروں سے پابندیوں پرعمل درآمد کے لیے مدد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے کمشنر مِک فُلر نے ای میل کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ آئندہ ہفتے پابندیوں کا نفاذ کیا جائے گا جس پر عمل درآمد کے لیے انہوں نے وزیر اعظم سے آسٹریلین ڈیفینس فورس کے اہل کاروں کو طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔
آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے اب تک 33 ہزار 536 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 921 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں سات ہفتوں بعد 76 اموات
پاکستان میں نو جون کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 76 افراد کی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 707 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے چار ہزار 497 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں 29 جولائی کو کرونا کے مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ پانچ تین ریکارڈ کی گئی ہے۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 612 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان: مسلسل تیسرے روز یومیہ ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ
کرونا وبا کے نگراں ادارے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کے مطابق پاکستان میں مسلسل تیسرے روز یومیہ ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔
جمعرات کو ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں اسد عمر نے بتایا کہ گزشتہ روز پاکستان میں آٹھ لاکھ 50 ہزار ویکسین لگائی گئی ہیں۔ اس سے قبل ملک میں پیر کو چھ لاکھ 80 ہزار اور منگل کو سات لاکھ 78 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی تھی۔
ان کے بقول گزشتہ روز صوبہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی یومیہ ویکسین کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔
اسد عمر نے پاکستان میں ویکسی نیشن کے سلسلے کو مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔