انڈونیشیا میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز
انڈونیشیا میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی ہے جب کہ ڈیلٹا ویریئنٹ کے باعث نئے کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
وبا کے آغاز سے لے کر رواں برس مئی تک انڈونیشیا میں کرونا سے 50 ہزار ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ تاہم نو ہفتے بعد یہ تعداد اب دگنا ہو گئی ہے۔
انڈونیشیا کی وزارتِ صحت کے مطابق بدھ کو ملک میں کرونا کے باعث مزید 1747 ہلاکتیں ہوئی جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 635 ہو گئی ہے۔
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے انڈونیشیا کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسپتالوں میں آکسیجن، انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں اضافے اور دیگر اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔
امریکہ ویکسین کی 11 کروڑ خوراکیں عطیہ کر چکا ہے: صدر بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ اب تک دنیا کے 65 ممالک کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی 11 کروڑ خوراکیں فراہم کر چکا ہے۔
منگل کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ یہ امداد روس اور چین سمیت ویکسین عطیہ کرنے والے 24 ممالک سے بھی زیادہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ ویکسین کے بدلے کسی ملک سے کسی رعایت کا مطالبہ نہیں کر رہا بلکہ یہ صرف مہلک وبا کے خاتمے کی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔
وائس آف امریکہ کی جانب سے پوچھے گئے اس سوال کے کیا دیگر زیادہ آمدنی والے ممالک کو بھی امریکہ کی پیروی کرتے ہوئے ویکسین عطیہ کرنی چاہیے؟ صدر بائیڈن نے کہا کہ ایسے ممالک جو اپنی ضرورت پوری کر چکے ہیں، اُنہیں 100 کے لگ بھگ غریب ممالک کی مدد کرنی چاہیے۔ چاہے وہ ڈالرز کی شکل میں ہو یا ویکسین کی صورت میں فراہم کی جائے۔
پاکستان میں کرونا کے پھیلاؤ کے باوجود تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ
پاکستان میں کرونا وائرس کیسز میں اضافے کے باوجود ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بدھ کو وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔
بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا آئندہ اجلاس 25 اگست کو ہو گا جس کے بعد صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔
چین میں جنوری کے بعد سب سے زیادہ یومیہ کرونا کیسز
چین میں کرونا وائرس کا ڈیلٹا ویریئنٹ پھیلنے لگا ہے۔ منگل کو ملک میں جنوری کے بعد مقامی سطح پر سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے رپورٹ کیا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین میں تین اگست کو مقامی سطح پر 71 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جو 30 جنوری کے بعد یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
چین میں 30 جولائی کے بعد سے ملسل پانچویں روز کرونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
'رائٹرز' کے مطابق جولائی کے آخر سے چین کے دارالحکومت بیجنگ، اور ووہان سمیت متعدد شہروں میں کرونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ کی تشخیص ہوئی ہے۔