پاکستان میں کرونا مثبت کیسز کی شرح آٹھ فی صد سے زائد
پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو ملک میں مزید چار ہزار 455 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 55 ہزار دو کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ صفر نو فی صد رہی۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 68 مریضوں کا انتقال بھی ہوا ہے۔
پاکستان میں کرونا وبا کے آغاز سے لے کر اب تک دس لاکھ 67 ہزار580 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 23 ہزار 865 کا انتقال ہوا ہے۔
سندھ میں 9 اگست سے لاک ڈاؤن ہٹانے کا فیصلہ
پاکستان میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پیر نو اگست سے صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
'ریڈیو پاکستان' کی رپورٹ کے مطابق این سی او سی نے سندھ میں لاک ڈاؤن ہٹانے کا فیصلہ کراچی میں منعقدہ ایک مشترکہ اجلاس میں کیا۔
اجلاس میں این سی او سی نے سندھ بھر میں ویکسی نیشن بڑھانے کے لیے صوبائی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔
این سی او سی نے فیصلہ کیا کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ 13 شہروں میں وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ سندھ بالخصوص کراچی میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 31 جولائی سے آٹھ اگست تک لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا۔
فرانس میں ہیلتھ کارڈ کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری
فرانس میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہیلتھ کارڈ کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ مسلسل چار ہفتوں سے جاری ہے اور ہفتے کو بھی اس سلسلے میں ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے۔
رواں ماہ نو اگست سے یہ ہیلتھ کارڈ دوسرے شہروں کو جانے والی ٹرانسپورٹ، ریستورانوں اور کیفیز کے لیے بھی لازمی قرار دے دیا جائے گا۔
ہیلتھ کارڈ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہیلتھ کارڈ کے حامل افراد ویکسین شدہ ہیں اور ان کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد ایسے مقامات پر وہ جا سکتے ہیں جہاں 50 سے زائد افراد کی گنجائش ہو۔
ناقدین کی طرف سے صدر ایمانوئل میخواں پر ‘ہیلتھ ڈکٹیٹر شپ’ لاگو کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ جو کہ لوگوں کو مرضی کے خلاف ویکسین لگوانے پر مجبور کرتی ہے۔
تاہم فرانسیسی حکومت بضد ہے کہ اس نے کرونا وبا کے خلاف جنگ میں ہیلتھ کارڈ کو ہر صورت استعمال کرنا ہے۔
بھوٹان نے کرونا وائرس کو شکست کیسے دی؟
بھوٹان میں کرونا وائرس کے تقریباً ڈھائی ہزار کیسز رپورٹ ہوئے البتہ اموات صرف دو ہوئیں۔ یہاں کی 90 فی صد بالغ آبادی کو ویکسین لگ چکی ہے۔ بھوٹان کی آبادی اگرچہ بہت کم ہے البتہ ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ یہ ملک محدود وسائل کے باوجود کرونا وائرس پر قابو پانے کے اعتبار سے بہت سے ممالک سے آگے ہے۔