پاکستان میں اگست میں 2467 اموات
پاکستان میں گزشتہ ایک ماہ میں کرونا وائرس سے لگ بھگ دو ہزار چار سو 67 اموات ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اگست کے مہینے میں سب سے زیادہ 141 یومیہ اموات 24 اگست کو ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں اب تک 25 ہزار 889 افراد کرونا وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات 45 لاکھ سے تجاوز کرگئیں
عالمی سطح پر کرونا وائرس سے مجموعی طور پر ہونے والی ہلاکتیں 45 لاکھ سے تجاوز کرگئیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2019 میں چین میں پھوٹنے والی کرونا وائرس کی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 45 لاکھ 620ہوگئی ہے۔
دنیا میں کرونا وبا کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ بھی جاری ہے۔ عالمی سطح پر کرونا سے یومیہ ہلاکتیں 10 ہزار پر آگئی ہیں جب کہ رواں سال جنوری میں روزانہ ہونے والی ہلاکتیں 14 ہزار 800 ہوگئی تھیں۔
گزشتہ ہفتے کے دوران یومیہ 1290 اموات کے ساتھ امریکہ میں ایک بار پھر دنیا میں کرونا سے ہونے والی ہلاکتیں دیگر ممالک سے زیادہ ہوگئی ہیں۔
فرانس میں عوامی مقامات پر کام کرنے والوں کے لیے ہیلتھ کارڈ ساتھ رکھنا لازمی قرار
فرانس میں عوامی مقامات پر کام کرنے والے ملازمین کے لیے ہیلتھ کارڈ ساتھ رکھنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ فیصلہ فرانس کی حکومت کی عوام کو کرونا وائرس کی ویکسی نیشن کرانے کے لیے آمادہ کرنے کی حکمتِ عملی کے تحت کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد فرانس میں کیفے، سنیما گھروں اور پبلک ٹرانسپورٹ جیسے عوامی مقامات پر کام کرنے والوں کو ویکسی نیشن کارڈ یا 72 گھنٹے پہلے کرایا گیا کرونا کا منفی ٹیسٹ دکھانا لازمی ہوگا۔
فرانس میں اس نوعیت کی ملازمتوں سے منسلک لگ بھگ 18 لاکھ افراد پراس پابندی کا اطلاق ہوگا۔
عوام پر پہلے ہی کھانے پینے کی جگہوں اور تفریحی مقامات وغیرہ پر ہیلتھ کارڈ دکھانے کی شرط عائد کی جاچکی ہے۔
کراچی اور حیدرآباد میں انڈور ڈائننگ پر پابندی برقرار
حکومتِ سندھ کے جاری کردہ حکم نامے میں وضاحت کی گئی ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں انڈور ڈائننگ پر پابندی برقرار رہے گی۔
اس سے قبل حکومتِ سندھ کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد میں کرونا ویکسین لگوانے والے افراد کے لیے پچاس فی صد گنجائش کی شرط کے ساتھ انڈور ڈائننگ کی اجازت دینے اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
لیکن آج جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں انڈور ڈائننگ پر پابندی برقرار رہے گی۔
محکمۂ داخلہ سندھ کے جاری کردہ حکم نامے میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت بھی رات دس بجے تک ہوگی۔