آسٹریلیا میں 1684 نئے کیسز، نیوساؤتھ ویلز میں تین ہلاکتیں
آسٹریلیا میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں وائرس سے تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اتوار کو آسٹریلیا میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 684 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
ان نئے کیسز میں ایک ہزار 485 کیسز ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں رپورٹ ہوئے جب کہ ریاست وکٹوریا میں 183 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ آسٹریلین کیپیٹل ٹیرٹری میں بھی کرونا کے 15 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک کیس کوئنز لینڈ میں سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں کرونا وائرس کے ویریئنٹ ڈیلٹا کے پھیلاؤ کے باعث نیو ساؤتھ ویلز، وکٹوریا اور کیپیٹل ٹیرٹری میں گھروں میں رہنے کے احکامات نافذ ہیں۔
علاوہ ازیں نیو ساؤتھ ویلز کی پریمیئر گلیڈیس بیریجکلیئن نے سڈنی می صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ آئندہ کچھ ہفتوں میں وبا کے حالیہ پھیلاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
امریکہ میں ویکسین کی 37 کروڑ 44 لاکھ سے زائد خوراکیں لگا دی گئیں، سی ڈی سی
امریکہ کے بیماریوں کی روک تھام اور بچاؤ کے ادارے (سی ڈی سی) نے کہا ہے کہ ہفتے کی صبح تک ملک بھر میں ویکسین کی37 کروڑ 44 لاکھ 88 ہزار 924 خوراکیں لگائی جا چکی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سی ڈی سی نے بتایا کہ 20 کروڑ 69 لاکھ 8 ہزار 710 کو کم از کم ایک خوراک لگی ہے جب کہ 17 کروڑ 59 لاکھ 68 ہزار 266 افراد کی مکمل ویکسین ہو چکی ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق ملک میں 45 کروڑ ایک لاکھ 75 ہزار 825 خوراکیں تقسیم کی گئی ہیں۔
پاکستان: چھ ستمبر کو ویکسین مراکز کھلے رہیں گے، وزارت صحت
پاکستان کی وزارت قومی صحت نے اعلان کیا ہے کہ چھ ستمبر کو ملک میں یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر کرونا ویکسی نیشن مراکز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
وزارت نے ایک ٹوئٹ کی کہ چھ ستمبر کو کووڈ ویکسی نیشن مراکز بند نہیں ہوں گے اور عام دنوں کی طرح ویکسین لگائی جائے گی۔
بھارت میں کرونا سے مزید 308 اموات
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 42 ہزار 766 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 308 افراد کرونا سے انتقال کرگئے۔
بھارت میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد چار لاکھ 40 ہزار 533 ہوگئی ہے جب کہ اس وائرس سے اب تک تین کروڑ 29 لاکھ 88 ہزار 673 افراد متاثر ہوئے ہیں۔