امریکی وزیرِ خارجہ کی اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کی تعریف
امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ضعیم ضیا کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مائیک پومپیو نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں کرونا وائرس کے خلاف ان کے اقدامات کو سراہا۔
امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ضعیم ضیا کرونا وائرس کے خلاف شاندار کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ضعیم ضیا کی حالیہ کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
کوئٹہ: لاک ڈاؤن پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن
کوئٹہ میں لاک ڈاؤن کے احکامات پر عمل درآمد جاری ہے۔ پولیس غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے والوں کو گرفتار کر کے چالان کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگاہی مہم کے باوجود بعض لوگ لاک ڈاؤن پر عمل نہیں کر رہے۔ اس صورتِ حال میں مزید سخت اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔ دیکھیے مرتضیٰ زہری کی رپورٹ
برونائی میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت
برونائی میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے۔ ہفتے کو ایک 64 سالہ شخص 'کووڈ 19' کے مرض سے لڑتے ہوئی زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق برونائی میں کرونا وائرس کے 115 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے زایدہ تر افراد وہ ہیں جنہوں نے ملائیشیا میں ہونے والے ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کی تھی۔
کرونا وائرس: ایک میٹر کا فاصلہ نہ رکھنے پر چھ ماہ تک جیل بھی ہو سکتی ہے
سنگاپور نے کرونا وائرس کی وبا کو روکنے کے لیے ملک میں نئے قوانین متعارف کرائے ہیں جن کے تحت ارادتاً کسی شخص کے نزدیک کھڑے ہونے پر بھی چھ ماہ تک کی قید ہو سکتی ہے۔
سنگاپور نے یہ اقدام کرونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیشِ نظر جمعے کو کیا ہے۔ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے تمام سینما اور بار بند کر دیے گئے ہیں اور بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
'سوشل ڈسٹینسنگ' یقینی بنانے کے لیے لوگوں پر یہ پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے کم از کم ایک میٹر کا فاصلہ قائم رکھیں۔
نئے قوانین کے مطابق کسی بھی عوامی مقام پر بیٹھنے کی جگہوں یا پارک وغیرہ میں نصب بنچوں پر بیٹھتے ہوئے بھی ایک میٹر کا فاصلہ قائم رکھنا ہو گا۔ اگر کہیں کرسیاں نزدیک بھی رکھی گئی ہوں تو ایک کرسی کا فاصلہ رکھ کر بیٹھا جائے۔