رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

14:39 30.3.2020

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، تعداد 1071 ہو گئی

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 1071 تک پہنچ گئی ہے جب کہ ہلاک شدگان کی تعداد 29 ہو گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 21 روزہ لاک ڈاون سے شہروں میں کام کرنے والے ہزاروں مزدور دیہی علاقوں میں اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں جس کی وجہ سے لاک ڈاون کا مقصد ختم ہوتا جا رہا ہے۔

مرکزی حکومت نے سخت اقدامات کرتے ہوئے مزدوروں کے ترک سکونت روکنے کتے لیے ریاستوں کو سختی کی ہدایت کی ہے۔

ریاستی حکومتوں کو ان مزدوروں کی رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔

مرکزی حکومت کے حکم کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں ہزاروں افراد جگہ جگہ پھنس کر رہ گئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایک 38 سالہ شخص جو کہ دہلی سے مدھیہ پردیش میں اپنے گھر جا رہا تھا، کی 200 کلومیٹر پیدل چلنے کے بعد آگرہ میں موت ہو گئی۔

ادھر کابینہ سیکریٹری نے اس خبر کو افواہ قرار دیا ہے کہ حکومت 21 روزہ لاک ڈاون کو توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

14:45 30.3.2020

سندھ میں نجی اسکولز میں ملازمین کو بروقت تنخواہ ادا کرنے کا حکم

صوبائی حکومت نے سندھ میں موجود نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں ان اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی بچے کے والدین سے ایک سے زائد ماہ کی فیس ایک ساتھ وصول نہ کریں۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے ایک نوٹیفیکیشن ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے۔ اس اعلامیے میں اسکولز کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اساتذہ اور دیگر اسٹاف کو بروقت تنخواہ ادا کریں۔

حکومت نے نجی اسکولز کی انتظامیہ کسی کو بھی ملازمت سے برطرف نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے اسکولز کی رجسٹریشن بھی منسوخ کرنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔

15:40 30.3.2020

بھارت میں سماجی دوری کے لیے درختوں پر ڈیرے

کرونا وائرس کے باعث بھارت میں شہری غربت کی وجہ سے درختوں پر سماجی دوری کے لیے رہنے پر مجبور ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ٹائمز آف انڈیا' کی رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال میں ضلع پرولیا میں ایک گاؤں ونگیدی کے رہائشی چنائے سے واپس پہنچے تھے تو انہوں نے 14 دن کے لیے سماجی دوری میں رہنے کا فیصلہ کیا۔

ان افراد کا کہنا ہے کہ ان کے گھر انتہائی چھوٹے ہیں جہاں ان کو کورنٹائن (سماجی دوری) میں رہنے کے لیے علیحدہ کمرہ دستیاب نہیں۔

گاؤں کے سات افراد چنائے سے واپس پہنچے ہیں۔ جنہوں نے گاؤں پہنچنے سے قبل ڈاکٹر سے رجوع کیا تھا۔ ڈاکٹر نے ان افراد کو 14 روز کے لیے کورنٹائن میں رہنے کا مشورہ دیا تھا۔

ان ساتوں افراد نے گھر میں علیحدہ کمرہ نہ ہونے کی وجہ سے درختوں پر رہنے کا فیصلہ کیا اور درختوں پر چادریں باندھ کر اس میں رہ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے 1071 کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ وبا سے 29 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

16:48 30.3.2020

پنجاب یونیورسٹی میں لیبارٹری کا افتتاح، یومیہ 100 ٹیسٹ ہوں گے

کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں جامعہ پنجاب نے لیبارٹری کا آغاز کیا ہے۔

کرونا ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کے افتتاح پر جامعہ پنجاب کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کا کہنا تھا کہ کرونا کے ٹیسٹ ماہرین کی نگرانی میں سینٹر فار اپلائیڈ مالیکیولر بائیولوجی میں کیے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی جانب سے بھیجے گئے کرونا وائرس کے نمونوں کے ٹیسٹ لیبارٹری میں ہوں گے۔

لیبارٹری کی استعداد کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ فی الوقت کرونا وائرس کے یومیہ 100 ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کی لیبارٹری میں مقامی کِٹ سے کرونا وائرس کے ایک ٹیسٹ پر 800 روپے لاگت آئے گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG