رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

14:55 31.3.2020

ٹوکیو اولمپکس اب 23 جولائی 2021 سے شروع ہوں گے

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث رواں سال ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اب یہ گیمز 23 جولائی سے آٹھ اگست 2021 کے دوران منعقد ہوں گے۔ خصوصی افراد کے پیرا اولمپک 24 اگست سے پانچ ستمبر تک ہوں گے۔

اولمپک مقابلوں کی نئی تاریخ کا اعلان انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی، انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی اور ٹوکیو 2020 آرگنائزنگ کمیٹی نے مشترکہ اعلامیے میں کیا۔

ٹوکیو اولمپکس رواں سال 24 جولائی سے نو اگست تک جاپان میں شیڈول تھے۔ تاہم کرونا وائرس کی وبا کے سبب انہیں گزشتہ ہفتے ایک سال تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

جاپان ان گیمز کے انعقاد کے لیے نہ صرف بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرچکا تھا بلکہ تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے تھے۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مختلف ملکوں کے سربراہان نے یہ مقابلے ملتوی کرنے پر زور دیا تھا۔

کینیڈا نے سب سے پہلے اپنے ایتھلیٹس نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد دیگر ممالک نے بھی اپنے کھلاڑی ٹوکیو نہ بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید جانیے

15:14 31.3.2020

پنجاب کے شہر جھنگ کی سبزی منڈی میں پہلا سینیٹائزر واک تھرو گیٹ نصب

پنجاب کے شہر جھنگ کی سبزی منڈی میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پہلا سینیٹائزر واک تھرو گیٹ نصب کر دیا گیا ہے۔ گیٹ سے روزانہ پانچ ہزار سے زائد افراد گزر سکتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جھنگ طاہر وٹو کے مطابق پاکستان میں وائرس کی بڑھتی ہوئی بیماری کے پیش نظر یہ گیٹ شہر کی بڑی سبزی منڈی کے باہر لگایا گیا ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی صورت حال کے باعث کچھ ایسی جگہیں تھیں جہاں لوگوں کی آمد و رفت کو بند نہیں کیا جا سکتا تھا جن میں سبزی منڈی بھی شامل ہے۔

ان کے بقول منڈی میں روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں لوگ آتے ہیں۔

طاہر وٹو نے بتایا کہ انہوں نے ترکی کی ایک ویڈیو دیکھی تھی جسے دیکھ کر انہیں بھی یہ واک تھرو سینیٹائرز گیٹ بنانے کا خیال آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے بنائے گے واک تھرو سینیٹائزر گیٹ پر ایک لاکھ 82ہزار روپے لاگت آئی ہے جب کہ یہ صرف دس گھنٹوں میں تیار کیا گیا ہے۔

جھنگ کے بعد پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں بھی ایسے ہی واک تھرو سینیٹائرز گیٹ لگانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد ایوب بخاری نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایسے واک تھرو سینیٹائزر گیٹ نصب پر کام تیزی سے جاری ہے۔

16:44 31.3.2020

پاکستانی کشمیر میں گھریلو قرنطینہ کے لیے ہدایات جاری

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی مؤثر روک تھام کے لیے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کے لیے گھریلو قرنطینہ کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سےعوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ حال میں بیرون ملک یا علاقے کے باہر سے آنے والے مسافر مشتبہ مریض کو الگ کمرے میں رکھیں۔

سی ڈی ایم کے مطابق کمرے کے ساتھ اٹیچ واش روم ہونا چاہیے۔

ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک وقت میں ایک ہی بندے کو کمرے میں رکھا جائے۔ کمرے میں فون، بجلی، پانی اور کوڑا اٹھانے کے انتظامات ہونے چاہیئں جب کہ مشتبہ مریض کے کھانے کا بندوبست بھی اسی کمرے میں کیا جائے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ قرنطینہ کیے ہوئے شخص کی دیکھ بھال کے لیے صرف ایک شخص کو مخصوص کریں اور دوران علیحدگی کسی بھی شخص کو حالیہ مسافر کے پاس نہ جانے دیں جب کہ نہ ہی مسافر کر باہر گھونے کی اجازت دی جائے۔

17:02 31.3.2020

لاہور میں بھی سینیٹائزر واک تھرو گیٹ کی تنصیب

پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے شہروں میں سینیٹائزر واک تھرو گیٹ لگانے کا عمل جاری ہے۔

صوبے کے دیگر شہروں کی طرح سب سے بڑے شہر لاہور میں بھی بلدیہ عظمیٰ کے دفتر کے باہر پہلا سینیٹائزر واک تھرو گیٹ نصب کیا گیا ہے۔

اس گیٹ سے گزرنے والے شخص پر جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کیا جاتا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG