آسٹریلیا کے نامور میڈیا گروپ کا 60 اخبارات کی اشاعت بند کرنے کا فیصلہ
کرونا وائرس کے وبائی مرض سے آسٹریلیا کی اخباری صنعت کو شدید نقصان پہنچا ہے. روپرٹ مرڈوک کے زیرِ انتظام چلنے والی میڈیا 'نیوز کارپوریشن' نے 60 علاقائی اخبارات کی اشاعت بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ 'کووڈ 19' اخبارات کی صنعت کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے جس سے اشتہارات کم ہو گئے ہیں اور اخباری صنعت کو بحرانی کیفیت کا سامنا ہے۔
'نیوز کارپوریشن' کا کہنا ہے کہ وہ نیو ساؤتھ ویلز، وکٹوریہ، کوئنز لینڈ اور ساؤتھ آسٹریلیا میں اخبارات کی اشاعت بند کر دے گا تاہم یہ اخبارات آن لائن پڑھے جاسکیں گے۔
نیوز کارپوریشن آسٹریلیا کے ایگزیکٹو چیئرمین مائیکل ملر کا کہنا ہے کہ اُن کے لیے یہ فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا لیکن کرونا وائرس کے سبب اخباری صنعت شدید معاشی دباؤ میں ہے اس کے باوجود ان کی کوشش تھی کہ ملازمین کی نوکریوں پر اس کا کم از کم دباؤ پڑے۔
پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی
تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو ہزار 39 ہو گئی ہے جب کہ اس وبا سے اب تک 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 105 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
پاکستان کا صوبہ پنجاب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں مریضوں کی تعداد 708 ہے جب کہ سندھ میں اب تک 676 افراد میں اس وبا کی تشخیص کی جا چکی ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا میں 253، بلوچستان میں 158، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 54، گلگت بلتستان میں 184 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کے چھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
افغان مہاجرین کے لیے بھی پیکج تیار کرنے کی ہدایت
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر ملک میں لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افغان مہاجرین اور ملک کے اندر بے گھر افراد کے لیے ریلیف پیکچ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایک سرکاری کے بیان کے مطابق عمران خان نے منگل کو کابینہ کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر شہریار آفریدی کی درخواست پر ریلیف پیکج کی ہدایت کی۔
شہریار آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین اور ملک کے اندر بے گھر ہونے والے افراد کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں قائم 52 مہاجرین کمپیوں میں تقریباً 28 لاکھ افغان مہاجرین مقیم ہیں ان میں سے 80 فی صد روزانہ اجرت پر کام کرتے ہیں۔
شہر یار آفریدی نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں افغان مہاجرین کی مدد کرے۔
کرونا وائرس کے سبب ٹرینیں بند، بوگیاں آئسولیشن وارڈز میں تبدیل
پاکستان ریلوے نے کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے ٹرین کی بوگیوں کو آئسولیشن وارڈز میں بدل دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 'کووڈ 19' کے مریضوں کی تعداد بڑھنے پر مزید بوگیوں کو بھی اسی استعمال میں لائیں گے۔