بیرون ملک سے پاکستانیوں کو لانے کے لیے 17 پروازیں چلانے کا اعلان
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ 3 اپریل سے 11 اپریل تک پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی 17 پروازوں سے 2 ہزار پاکستانیوں کو بیرون ملک سے واپس لایا جائے گا۔
قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے چھٹے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی پروازیں برطانیہ، کینیڈا، ترکی،ازبکستان، ملائشیا اور آذربائیجان جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروازیں ان ممالک میں جائیں گی جہاں ہوائی اڈوں یا ایئر لائنز کو بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی واپس نہیں آ سکتے جب کہ ان کے ویزا کی معیاد ختم ہونے سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
معید یوسف کے بقول سب سے اہم یہ ہے کہ بیرون ملک سے آنے والوں کے ٹیسٹ کیے جائیں اگر ان میں سے کسی میں وائرس کی تصدیق ہو تو ان کا فوری علاج کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا اور اس جائزے کی بنیاد پر فلائٹ آپریشن کا فیصلہ کیا جاتا رہے گا۔
پریس کانفرنس میں موجود وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں میں 1436 کا اضافہ ہوا ہے جس سے مشتبہ مرہضوں کی تعداد 17331ہو گئی ہے۔ مشتبہ مریضوں میں اوسطاََ 12 فی صد سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 178 کا اضافہ ہوا ہے۔ جب کہ مصدقہ مریض 2039 ہو گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 82 ہو گئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں 24 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری لاک ڈاؤن اور بندشیں آئندہ دو ہفتے برقرار رہیں گی۔ اعداد و شمار کی بنیاد پر مستقبل کے فیصلے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بندشوں سے ملک میں وائرس کو کنٹرول کرنے میں مدد ملی ہے اگر یہ بندشیں نہ ہوتیں تو وائرس زیادہ پھیلتا۔
اسد عمر کے مطابق ملک میں اس سے زیادہ بندشیں لگانے کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔
ہاتھ چہرے تک جانے سے روکنے والا رسٹ بینڈ تیار
امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل کے نوجوانوں پر مشتمل ایک کمپنی نے ایسا رسٹ بینڈ ایجاد کیا ہے۔ جو ہاتھ منہ کے قریب جاتے ہی اسے پہننے والے کو خبردار کر دیتا ہے۔
کلائی پر پہنا جانے والا یہ بینڈ منہ سے ناخن کھینچنے یا بال نوچنے سے بھی منع کرتا ہے۔
نوجوان سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اُن کے پاس الگورتھم اور سافٹ ویئر پہلے سے ہی موجود تھا۔ اُنہوں نے صرف کرونا وائرس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں بعض تبدیلیاں کیں اور یہ رسٹ بینڈ تیار کیا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق ہاتھ منہ یا آنکھ پر لگنے سے بھی کرونا وائرس جسم میں داخل ہوتا ہے۔ لہذٰا لوگوں کو بار بار ہاتھ دھونے اور منہ کے قریب نہ لے جانے کی ہدایات کی جا رہی ہیں۔
بھارت میں تبلیغی اجتماع کے شرکا کی تلاش
نئی دہلی کی بستی حضرت نظام الدین میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز میں ٹھہرنے والے مندوبین پر کرونا وائرس کو پھیلانے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔
بھارتی وزارتِ داخلہ کے مطابق تبلیغی جماعت کے مرکز میں 13 سے 15 مارچ تک ایک اجتماع منعقد ہوا جس میں شرکت کرنے والے درجنوں افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
اجتماع میں شرکت کے بعد بہت سے لوگ بھارت کے مختلف علاقوں میں چلے گئے تھے۔ اب ان تمام لوگوں کو تلاش کیا جارہا ہے۔
لگ بھگ 250 غیر ملکیوں کو قرنطینہ مراکز اور آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ ان میں سے 20 غیر ملکی گزشتہ دس روز کے دوران کرونا وائرس پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والے سات افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
کرونا وائرس کی وجہ سے ومبلڈن ٹینس منسوخ
اس سال کے ٹینس گرینڈ سلیم مقابلے ومبلڈن کو کرونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 29 جون سے 12 جولائی تک کھیلا جانا تھا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ومبلڈن کو منسوخ کیا گیا ہے۔
ومبلڈن کی انتظامیہ کے پاس اپریل کے آخر تک صورتحال دیکھ کر فیصلہ کرنے کا وقت تھا لیکن اس نے آج ہی اعلان کردیا۔ ومبلڈن کے منسوخ ہونے سے منتظمین کو 20 کروڑ پاؤنڈ کا نقصان ہوگا جو انشورنس سے پورا کیا جائے گا۔
آل انگلینڈ لان ٹینس کلب کے چئیرمین ایان ہیوٹ نے کہا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن ہمیں عوام اور ٹینس سے محبت کرنے والوں کی صحت کی خاطر ایسا کرنا پڑرہا ہے۔
برطانیہ میں بدھ تک کرونا وائرس کے لگ بھگ 30 ہزار کیس سامنے آچکے تھے جبکہ 2300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ساڑھے پانچ سو اموات ایک دن میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہے۔