کرونا کے باعث افغانستان میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی واپسی
سرحدی گزرگاہوں کی بندش کے باعث افغانستان میں پھنس جانے والے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل طورخم سرحد کے ذریعے جمعے کی صبح شروع کر دیا گیا ہے۔
افغانستان سے پاکستان واپس آنے والے باشندوں کے لیے لنڈی کوتل کے گورنمنٹ ڈگری کالج میں قرنطینہ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ جس میں 1000 افراد کو رکھنے کی گنجائش ہے۔
انتظامیہ نے لنڈی کوتل کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز اسپتال میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کے لیے خصوصی نگہداشت وارڈ بھی قائم کر دیا ہے۔ یہ پاکستانی شہری گزشتہ ماہ مارچ سے افغانستان میں تھے۔
سرحد پار افغانستان سے طورخم کے راستے پاکستان واپس آنے والوں کو خصوصی گاڑیوں اور ایمبولینسز کے ذریعے لنڈی کوتل کے ڈگری کالج میں قائم قرنطینہ مرکز میں منتقل کیا جارہا ہے۔
پاکستانیوں کی واپسی کے عمل کی نگرانی کرنے والے لنڈی کوتل کے ڈپٹی کمشنر عمران یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں اور سامان بردار گاڑیوں کی واپسی کے لیے طورخم کی گزرگاہ کھول دی گئی ہے۔
مزید پڑھیے
کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین کیسے ہو رہی ہے؟
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کراچی کے ایک قبرستان میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین کے لیے جگہ مخصوص کی گئی ہے جہاں صرف چار افراد میت کی تدفین کرتے ہیں۔ کرونا سے مرنے والوں کی تدفین کا احوال جانیے ایک گورکن کی زبانی۔
کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے، امریکہ کا پاکستان کو 80 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان
کرونا وائرس کے چیلنج سےنمٹنے کے کام میں مدد دینے کے لیے، امریکہ نے پاکستان کو مزید 80 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان میں امریکی سفیر، پال جونز نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں میں امریکہ پاکستان کا شراکت دار ہے۔
اس سے پہلے، امریکہ پاکستان کو اس وبا سے نمٹنے کے لیے بیس لاکھ ڈالر کی امداد دے چکا ہے۔
اس نئی امداد کے تحت امریکہ پاکستان کو تین موبائل لیبارٹریاں فراہم کرے گا، تاکہ وائرس سے متاثرہ علاقوں میں رہائشیوں کے ٹیسٹ کرانے،علاج کی سہولت فراہم کرنے کے کام میں معاونت کی جا سکے اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ان سہولتوں کی دستیابی پر 30 لاکھ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ، امریکہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہنگامی آپریشن سینٹرز کے قیام میں بھی مدد دے گا۔ یہ سینٹر اسلام آباد، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں قائم کیے جائیں گے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو حفظان صحت کے مقامی کارکنوں کی تربیت میں بھی تعاون کرے گا، تاکہ لوگوں کو گھروں میں دیکھ بھال کی سہولت فراہم کی جا سکے اور ہسپتالوں پر بوجھ کم ہو سکے۔
امریکہ پاکستان میں موجود افغان مہاجرین اور لوکل کمیونٹی کی دیکھ بھال کے لئے اقوام متحدہ کو چوبیس لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔
مزید پڑھیے
کرونا وائرس نے احتجاج کے طریقے بدل دیے
کرونا وائرس کی عالمی وبا سے پیدا ہونے والے حالات نے دنیا بھر میں عوامی تحریکوں کے لیے جلسے اور احتجاج کرنا مشکل کر دیا ہے۔ یہ تحریکیں سماجی دوری پر عمل کرتے ہوئے اپنے مطالبات کس طرح لے کر اگے بڑھ سکتی ہیں؟ دیکھئے نیلوفر مغل کی رپورٹ میں