گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ منفی
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا دوسرا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔ اس بات کا ذکر انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا ہے۔
عمران اسماعیل نے کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے پر ان سب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی تھیں۔
نریندر مودی کے 20 لاکھ کروڑ کے معاشی پیکج کے اعلان پر تنقید
بھارت میں حزبِ اختلاف کی جماعت کانگریس نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اعلان کردہ 20 لاکھ کروڑ (لگ بھگ 270 ارب ڈالر) کے معاشی پیکج کو ہدفِ تنقید بنایا ہے۔
کانگریس رہنما چدم برم نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم کا معاشی پیکج صرف اخبارات کی سرخی ہے جس کے نیچے پورا صفحہ خالی ہے۔ دیکھنا ہے کہ وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن اس خالی صفحے کو کس طرح بھرتی ہیں۔
نریندری مودی نے منگل کو قوم سے خطاب کے دوران معاشی پیکج کے اعلان سمیت لاک ڈاؤن کو 4 اعشاریہ صفر کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ لاک ڈاؤن کو یہ عنوان دینے کی وزیرِ اعظم کی طرف سے وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔
بھارت میں کیسز کی تعداد 74 ہزار سے متجاوز
بھارت میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بھارت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کا شکار مزید 122 افراد دم توڑ گئے ہیں جب کہ ملک بھر سے 3525 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 74 ہزار 281 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت میں اب تک کرونا وائرس سے 2415 افراد ہلاک اور 24 ہزار 386 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اب تک 921 افراد ہلاک اور 24 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ گجرات میں 573 ہلاکتیں اور 8903 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
اسرائیل: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 300 سے زائد افراد گرفتار
اسرائیل کی پولیس نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر 320 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ہونے والے تمام افراد 'بون فائر فیسٹیول' نامی ایک مذہبی اجتماع کے سلسلے میں جمع ہوئے تھے۔
قدامت پسند یہودیوں نے اجتماع میں شریک افراد کی گرفتاری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف قرار دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فیسٹیول میں جمع درجنوں افراد نے ایک مقبرے کے اندر جانے کی کوشش کی تھی جو کہ کرونا وائرس کی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ مذہبی اجتماع کے لیے جمع ہونے والوں میں سے بعض نے پولیس افسران پر کچرا بھی پھینکا جس کے نتیجے پر گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔