پاکستان میں اب بھی کرونا کے مریضوں کی تعداد کم ہے: شاہ محمود قریشی
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مین کرونا وائرس ابھی بھی تیزی سے نہیں پھیل رہا۔ لیکن ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کو صحتِ عامہ سے زیادہ معاشی چیلنج درپیش ہے۔
بدھ کو شنگھائی تعاون آرگنائزیشن (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کے ویڈیو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹیسٹ کی استعداد بڑھانے کے ساتھ ہی پاکستان میں کیسز بڑھ رہے ہیں۔ لیکن اُن کے بقول ابھی تک یہ اضافہ تشویش ناک نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے متنبہ کیا کہ ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ لہذٰا حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ورلڈ بینک، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور ترقی یافتہ ممالک کے گروپ، جی-20 کی جانب سے ادائیگیوں میں سہولت دینے پر شکر گزار ہے۔ لیکن ان کے بقول اس سلسلے میں مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 35 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ پاکستان میں وبا اپنی انتہا تک پہنچ گئی ہے یا نہیں۔
طلبہ کو پروموٹ کرتے وقت پرسنٹیج میں تین فی صد اضافہ کیا جائے گا: سعید غنی
پاکستان کے صوبے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ اگلی کلاس تک پروموٹ ہونے والے طلبہ کو اضافی نمبر دیے جائیں گے۔ ہر طالب علم کے گزشتہ سال کے مارکس میں تین فی صد اضافہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حکومتِ پاکستان نے کرونا کے باعث تمام امتحانات منسوخ کرتے ہوئے طلبہ کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ جو اُمیدوار ہر صورت امتحان دینے پر اصرار کریں گے، اُن کا امتحان لیا جائے گا۔ گزشتہ سال کسی پرچے میں فیل ہونے والے طالب علم کو پاسنگ مارکس دیے جائیں گے۔
وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا جن طلبہ کے نویں جماعت میں 60 فی صد نمبر تھے اُنہیں 63 فی صد نمبر دیے جائیں گے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ وہ ایسا طریقہ کار وضع کر رہے ہیں، جس سے کسی کی حق تلفی نہ ہو۔
فاؤچی کا مشورہ نظر انداز، صدر ٹرمپ کا تعلیمی ادارے جلد کھولنے کا عندیہ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کے مشورے کو نظر انداز کرتے ہوئے اسکول جلد کھولنے کا عندیہ دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے لیے آئے ریاست کولو راڈو اور شمالی ڈکوٹا کے گورنرز سے کہا کہ وہ فوری طور پر اسکول کھول دیں۔
صدر نے کہا کہ نوجوانوں پر اس وبا کا اتنا اثر نہیں ہوتا۔ البتہ بزرگ اور بیمار اساتذہ بے شک مزید آرام کریں۔ لیکن ہمیں اسکولوں کو جلد کھولنا ہو گا۔
وائٹ ہاؤس کرونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن انتھونی فاؤچی نے کانگریس کو بریفنگ کے دوران انتباہ کیا تھا کہ اسکول اور دیگر سرگرمیاں بحال کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
ڈاکٹر فاؤچی نے کہا تھا کہ ہمیں اس غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کہ چھوٹے بچوں پر یہ وائرس اثر انداز نہیں ہوتا۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "اُنہیں ڈاکٹر فاؤچی کے کانگریس کو دیے گئے جواب پر حیرانگی ہے۔ اسکول کھولنے کے معاملے پر میں ڈاکٹر فاؤچی سے اتفاق نہیں کرتا۔"
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ خود سماجی پاببدیوں پر سختی سے عمل کر رہے ہیں۔ یہاں تک کہ نائب صدر سے ملاقات کے بجائے وہ اُن سے فون پر بات کرتے ہیں۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مزید دو افراد میں وائرس کی تصدیق
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید دو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد کرونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 95 ہو گئی ہے۔ وبا کا شکار ہو نے والے 76 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
محکمہ صحت پاکستانی کشمیر کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک کرونا وائرس کی علامات کے ظاہر ہونے کے بعد 3411 افراد کے ٹیسٹ کیے گیے ہیں۔ جن میں 3349 کے نتائج آ چکے ہیں۔ وبا سے متاثرہ 18 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔