رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

11:31 15.5.2020

ووہان سے طلبہ کو واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلائیں گے: غلام سرور خان

پاکستان کے وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا ہے کہ چین کے شہر ووہان میں موجود پاکستانی طلبہ کو واپس لانے کے لیے پروازیں 18 مئی کو روانہ کی جائیں گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر اُن پاکستانیوں کو واپس لا رہی ہے، جو ویزٹ ویزے پر بیرون ملک گئے تھے۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک جیلوں میں قید پاکستانیوں کو بلا معاوضہ وطن واپس لایا گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کا عملہ بھی ڈاکٹرز کی طرح فرنٹ لائن پر کام کر رہا ہے۔ وہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن واپس لا رہے ہیں۔

12:02 15.5.2020

امریکہ میں معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری

وبائی امراض کی روک تھام کے امریکی ادارے (سی ڈی سی) نے معمولات زندگی کو بحال کرنے کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں جسے سامنے رکھ کر ریاستوں میں چھ کاروبار کھولے جا سکیں گے۔

امریکہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں اور نئے کیسز میں اضافے کے باوجود شہریوں کی جانب سے معمولاتِ زندگی کی بحالی کا مطالبہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کاروباری سرگرمیوں کی جلد بحالی کے خواہاں ہیں۔

البتہ کرونا وائرس ٹاسک فورس کے اہم رکن اور وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی مسلسل خبردار کر رہے ہیں کہ پابندیوں میں نرمی کرنے سے وبا مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

تاہم جمعرات کو سی ڈی سی نے نئی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جس کی مدد سے امریکہ میں اسکول، کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ کا شعبہ کھولا جا سکے گا۔

سی ڈی سی نے نئ گائیڈ لائنز کو 'سکس ٹریز' کا نام دیا ہے۔ جس کے تحت اسکول، ریستوران، بارز، ماس ٹرانزٹ، چائلڈ کیئر اور کیمپس کھولے جائیں گے۔

یاد رہے کہ امریکی ریاستوں میں کاروباری اور دیگر سرگرمیوں کی بحالی کے فیصلے کا اختیار گورنرز کے پاس ہے۔

مزید پڑھیے

12:15 15.5.2020

وزیر اعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کرونا وائرس کی صورتِ حال پر آج قوم سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم کے خطاب سے قبل کرونا کے حوالے سے اہم اجلاس ہو گا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی سمیت محکمہ صحت اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حکام بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو لاک ڈاؤن کے دوران اور بعد کی صورتِ حال پر بریفنگ دی جائے گی۔

12:32 15.5.2020

کرونا کی دوا 'ریمڈیسور' پاکستان میں بھی تیار ہو گی: ڈاکٹر طفر مرزا

وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے علاج کے لیے موثر دوا 'ریمڈیسور' اب پاکستان میں بھی تیار ہو گی۔

اُنہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں امریکی دوا ساز کمپنی 'جیلڈ' نے ایک پاکستانی دوا ساز کمپنی سے معاہدہ کیا ہے۔

ظفر مرزا کے بقول آئندہ چھ سے آٹھ ہفتوں میں یہ دوا پاکستان میں دستیاب ہو گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس دوا کے استعمال کے امریکہ میں مثبت نتائج آئے ہیں۔ دوا کے استعمال سے کرونا کے مریضوں کے اسپتال میں قیام کی مدت میں آئی ہے۔

ظفر مرزا کہتے ہیں کہ پاکستان کے علاوہ جنوبی ایشیا کے پانچ ملکوں میں یہ دوا تیار ہو گی۔ البتہ پاکستان میں تیار ہونے والی دوا 127 ملکوں کو ایکسپورٹ بھی کی جا سکے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ انٹی وائرل دوا ہے، جو انجکشن کی صورت میں دستیاب ہو گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG