رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

13:11 15.5.2020

دبئی: لاک ڈاؤن سے پریشان فلم بینوں کے لیے پہلا 'ڈرائیو ان' سنیما

متحدہ عرب امارات کی ریاست 'دبئی' میں لاک ڈاؤن سے پریشان فلم بینوں کے لیے پہلا 'ڈرائیو اِن' سنیما کھل گیا ہے۔ جس میں باقاعدہ طور پر فلم اتوار کو دیکھی جاسکے گی۔

لاک ڈاؤن کی وجہ سے مایوسی کا شکار فلم بین اب دبئی میں واقع دنیا کے سب سے بڑے شاپنگ مالز میں سے ایک مال کی چھت پر بنے ایک نئے ڈرائیو ان سنیما میں اپنی گاڑی میں بیٹھے بیٹھے فلموں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

متحدہ عرب امارات میں وبائی مرض سے بچنے کے لیے سماجی دوری برقرار رکھنا لازمی قرار دی گئی ہے۔ جس کو مد نظر رکھتے ہوئے 'ووکس سنیماز' نے ایک ڈرائیو ان سنیما قائم کیا ہے۔ جس میں گاڑی میں بیٹھے ہوئے ہی دو افراد فلم دیکھ سکیں گے۔

سنیما آئندہ اتوار سے باقاعدہ عوام کے لیے کھول دیا جائےگا۔ جس میں بیک وقت 75 گاڑیاں کھڑی کی جاسکیں گی۔ یعنی ایک شو کو ایک وقت میں کم ازکم 150 افراد دیکھ سکیں گے۔

مزید پڑھیے

13:38 15.5.2020

پنجاب میں پیر سے شاپنگ مالز اور آٹو موبائل انڈسٹری کھولنے کا فیصلہ

پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب نے پیر سے شاپنگ مالز اور آٹو موبائل انڈسٹری بھی کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ شاپنگ مالز کے اوقات کار کا بھی تعین کر دیا گیا ہے۔ مالز میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ شاپنگ مالز میں تھرمل گن سے چیکنگ، ہینڈ سینیاٹائزر اور ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر صنعت کا کہنا تھا کہ آٹو موبائل انڈسٹری کے پیداواری یونٹس بھی ہفتے کے ساتوں دن کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔

پنجاب میں شاپنگ مالز اور آٹو موبیل انڈسٹری کھولنے کا اعلان
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:29 0:00

14:04 15.5.2020

یوم علی پر صرف امام بارگاہوں میں مجالس کی اجازت، متعلقہ علاقوں میں موبائل سروس بند

حکومتِ پنجاب کی جانب سے یوم علی کے موقع پر صرف امام بارگاہوں میں احتیاطی تدابیر کے تحت مجالس کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

یوم علی پر جلوس نکالنے کی اجازت نہ ہونے پر پولیس نے لاہور کے مختلف علاقوں میں رکاٹیں کھڑی کر کے جلوس کے راستوں کو سیل کر دیا۔ مذکورہ علاقوں میں ٹریفک کی آمدورفت بھی معطل ہے۔ حکام نے دو کلو میٹر کے علاقے میں موبائل فون سروس بھی بند کر دی ہے۔

ایس پی سیکیورٹی لاہور محمد بلال کے مطابق حکومت کی جانب سے کسی بھی جلوس کی اجازت نہیں، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایس پی سیکیورٹی نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے جلوس کے راستے کو آٹھ مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر درجنوں دکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 564 دکانوں کو سیل کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے ہفتے کے چار روز پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو بازار اور کاروباری مراکز کھولنے کی اجازت دی تھی۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بازار اور مارکیٹس بند رہیں گی۔

14:41 15.5.2020

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اور پارلیمنٹ کی پریس گیلری بند

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمانی رپورٹنگ کرنے والے تین صحافیوں کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر پریس گیلری کو بند کر دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو بھی 22 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پریس گیلری اور پریس لاؤنج سے اسمبلی اجلاس کی کارروائی دیکھنے کے بجائے سرکاری ٹی وی سے براہ راست کارروائی دیکھتے ہوئے رپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رواں ہفتے کے آغاز سے کرونا وائرس پر حکومتی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے سینیٹ و قومی اسمبلی کے اجلاس منعقد ہورہے تھے۔ جن کی رپورٹنگ کے لیے محدود تعداد میں صحافیوں کو پارلیمنٹ آنے کی اجازت دی گئی تھی۔

پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر بہزاد سلیمی کہتے ہیں کہ جمعرات کو پارلیمنٹ کی کوریج کرنے والے تین صحافیوں کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے۔

انہوں نے بتایا کہ صحافیوں کی حفاظت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے قومی اسمبلی کے جمعے کو ہونے والے اجلاس کو پریس گیلری کے بجائے ویڈیو لنک سے دیکھتے ہوئے کوریج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بہزاد سلیمی نے بتایا کہ پارلیمنٹ کی کوریج کرنے والے تمام صحافیوں کے کرونا وائرس ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

صحافتی تنظیموں نے بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ وبا کی صورتِ حال میں صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے والے کرونا وائرس کا آسان ہدف ہیں لہذا ان کے لیے حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کرونا وائرس میں مبتلا ہیں اور ان کی عدم موجودگی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی صدارت میں یہ اجلاس منعقد ہو رہے ہیں۔

اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی صحافیوں کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ صحافی اور بعض اراکین اسمبلی جو کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں انہیں یہ وبا پارلیمنٹ کے جاری اجلاس سے لگی ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا لیکن تین پارلیمانی صحافیوں اور دو سینیٹرز کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ارادہ ملتوی کردیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارلیمنٹ کا ورچوئل اجلاس جلد بلایا جائے گا جہاں اس وبا کے خطرے سے بلاخوف اطمینان سے بات ہو سکے گی۔

خیال رہے کہ حکومت پارلیمنٹ کا ورچوئل اجلاس بلانا چاہتی تھی تاہم حزب اختلاف نے یہ کہہ کر اسے رد کردیا کہ پارلیمانی قواعد میں اس کی اجازت نہیں ہے۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ کے یہ اجلاس اب غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG