خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد میں کرونا کی تصدیق
افغانستان سے ملحقہ قبائلی ضلع کرم میں ایک ہی روز میں کرونا کے مزید 45 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ایک ہی خاندان کے 19 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ضلع کرم میں محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کے 87 افراد کے کرونا ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے 54 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
ضلع کرم میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 148 ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس کے ایک مریض کے خاندان اور رشتہ داروں کے ٹیسٹ لیے گئے تو خاندان کے 19 میں سے 14 افراد کے ٹیسٹ مثبت آ گئے۔
ایران میں مساجد کھولنے کا اعلان
ایران کے صدر حسن روحانی نے ملک بھر میں کرونا کے باعث بند کی جانے والی مساجد کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
ہفتے کو سرکاری ٹی وی پر لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے صدر روحانی نے کہا کہ شاپنگ مالز بھی شام چھ بجے کے بعد تک کھلے رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔
ایران میں سرکاری اہلکاروں نے بھی ہفتے سے دفاتر میں کام شروع کر دیا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ملک بھر کی مساجد کے دروازے عام شہریوں کے لیے کھولے جا رہے ہیں۔ لیکن شہریوں کو احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے برقرار رکھنا ہوں گے۔
ایران میں اب بھی کئی علاقوں میں وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ ہو رہا ہے۔ ملک بھر میں اب تک کرونا کے 146668 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے 7677 اموات ہو چکی ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میں کرونا کی تصدیق
پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب اسمبلی کے رکن اسمبلی رانا عارف اقبال میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ رانا عارف سیالکوٹ سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
رانا عارف اقبال کی بیوی اور چار بچوں میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ اُنہوں نے اپنے گھر میں خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے کئی اراکین اب تک کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ ایک خاتون رکنِ اسمبلی شاہین رضا کرونا سے انتقال کر گئی تھیں۔