رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

13:19 31.5.2020

پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ

پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ حکام نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3039 افراد میں وائرس کی تصدیق کی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 69496 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں وبا سے متاثرہ سب سے زیادہ افراد کی تعداد سندھ میں 27ہزار سے زائد ہے جب کہ پنجاب میں 25ہزار، خیبر پختونخوا میں نو ہزار پانچ سو، بلوچستان میں چار ہزار، اسلام آباد میں 2400۔ گلگت بلتستان میں 678 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں251 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

13:28 31.5.2020

پاکستان: 24 گھنٹوں میں 14ہزار 972 افراد کے ٹیسٹ

پاکستان میں حکام نے عید کے بعد ایک بار پھر کرونا وائرس کی تشخیص کا عمل تیز کرنے کے لیے ٹیسٹ کرنے کی استعداد بڑھا دی ہے۔

پاکستان میں عید الفطر سے قبل یومیہ 12 ہزار سے 14 ہزار تک اوسطاََ ٹیسٹ کیے جا رہے تھے تاہم عید کے دنوں میں ٹیسٹ کرنے کی رفتار میں کمی آئی تھی اور چھ سے سات ہزار تک ٹیسٹ کیے جا رہے تھے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب دوبارہ ٹیسٹ کرنے کی رفتار بڑھا دی گئی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14ہزار 972 افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جب کہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 47 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں اب تک 69 ہزار سے زائد افراد میں وبا کی تصدیق ہوئی ہے۔

13:34 31.5.2020

خیبر پختونخوا کے ایک اور ڈاکٹر کی کرونا وائرس کے باعث موت

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھنے والا سینئر ڈاکٹر اعظم خان کا کرونا وائرس کے باعث انتقال ہو گیا ہے۔

بچوں کے امراض کے ماہر ممتاز ڈاکٹر اعظم خان نوشہرہ کے قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

ڈاکٹر اعظم خان کے عزیز و اقارب کے مطابق چند دن قبل ڈاکٹر اعظم خان کی حالت بگڑنے پر انہیں اسلام آباد کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں پر وہ کرونا وائرس کے باعث اتوار کی صبح انتقال کر گئے۔

اعظم خان سے قبل خیبر پختونخوا کے کئی ایک سینئر ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان وائرس سے متاثر ہونے کے بعد انتقال کر چکے ہیں۔

13:38 31.5.2020

پاکستان: عوامی مقامات پر فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار

پاکستان میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے ملک بھر میں عوامی مقامات پر فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے۔

حکومت کی جانب سے تحریری ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں جب کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ اور سزا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا اب لازم قرار دے دیا گیا ہے۔ مارکیٹس، عوامی مقامات، مساجد، پبلک ٹرانسپورٹ، لاری اڈوں، گلیوں، سڑکوں اور دفاتر میں سرکاری طور پر معائنہ کیا جائے گا۔

حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو مجسٹریٹ تین ہزار تک جرمانہ عائد اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت جیل بھی بھیجا سکتا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG